کراچی (نیوز رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ شہر میں مسلح ڈاکوئوں کا راج ہے ، عوام کی جان و مال کا کوئی تحفظ نہیں ۔ سندھ حکومت ، محکمہ پولیس اور قانونی نافذ کرنے والے ادارے بڑھتی ہوئی مسلح ڈکیتیوں اور لوٹ مار کی وارداتوں کی روک تھام اور ان میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کو روکنے میں مکمل طور پر ناکام ہو گئے ہیں ۔ شہر میں رینجرز اور پولیس کے ناکے تو لگے ہوئے ہیں لیکن ڈاکو بھی ناکے لگا کر گن پوائنٹ پر شہریوں سے قیمتی اشیاء ، موبائل اور موٹر سائیکلیں چھین رہے ہیں ۔ ایک ہی دن میں شادمان ٹائون میں جواں سال حافظ قرآن اور ایوب گوٹھ میں 35سالہ شخص ڈاکوئوں کی گولیوں کا نشانہ بن گئے ۔ چند روز قبل شاہ فیصل کالونی میں جواں سال عفان بھی دوران ڈکیتی اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا تھا ، اطلاعات کے مطابق گزشتہ ماہ ستمبر میں مسلح ڈاکوئوں نے مزاحمت پر 16افراد کو گولیاں مار کر زندگی سے محروم اور 58سے زائد شہریوں کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا ۔ رواں سال 60ہزار سے زائد وارداتیں ، اور دوران مزاحمت 83افراد قتل ہو چکے ہیں جبکہ فروری 22میں بھی کورنگی کاز وے پر مسلح ڈاکوئوں نے ناکے لگا کر 100سے زائد شہریوں کو لوٹا تھا جسے رواں سال ڈاکوئوں کی سب سے بڑی واردات بھی قرار دیا گیا ۔ مسلح ڈکیتیوں کی بڑھتی ہوئی وارداتیں اور قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع پولیس چیف کے شہر میں جرائم کی کمی کے تمام دعوئوں کی نفی اور سندھ حکومت ، محکمہ پولیس و قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان اور نا اہلی و ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ شہریوں میں شدید بے چینی و اضطراب اور خوف و ہراس پھیل رہا ہے ۔ مسلح ڈاکو اور جرائم پیشہ عناصر نہ صرف گلی محلوں میں ، بلکہ بڑی سڑکوں ، اہم شاہرائوں ، مارکیٹوں اور پارکوں میں دندناتے پھر رہے ہیں ، رات ہو یا دن جب اور جہاں چاہتے ہیں شہریوں کو ان کی قیمتی اشیاء سے محروم کر دیتے ہیں اور اگر کوئی شہری ، کوئی نوجوان مزاحمت کرے تو بلا خوف و خطر اسے جان سے مار ڈالتے ہیں ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ملک کے سب سے بڑے شہر اور تجارتی حب کا یہ حال ہے پورے ملک میں کہیں جرائم اور امن و امان کی ایسی سنگین صورتحال نہیں ہے کہ مسلح ڈاکو لوگوں کی زندگی کا چراغ ہی گل کر دیں ۔ کراچی پورے ملک کو چلاتا ہے سب سے زیادہ ٹیکس دیتا ہے لیکن اس پر توجہ دینے والا کوئی نہیں ، اس شہر کو نہ صرف اس کا جائز اور قانونی حق نہیں ملتا بلکہ شہریوں کی جان و مال کو تحفظ تک حاصل نہیں ہے اور حکومت نے عوام کو ڈاکوئوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے ۔#
ڈاکوئوں راج ، حکومت و پولیس ناکام ‘عوام غیر محفوظ ہوگئے ، حافظ نعیم الرحمن
Oct 06, 2022