کراچی (نیوز رپورٹر)ایڈمنسٹریٹر کراچی، مشیر قانون اور ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہر کے ساتوں اضلاع میں سڑکوں کی بحالی سمیت دیگر ترقیاتی کام کسی بھی وقفے کے بغیر جاری رہیں گے، شہریوں کو سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے،متعلقہ افسران اور انجینئرزکو انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کے کاموں میں تیزی لانے اور وقت پر تکمیل کی ہدایت کی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ انجینئرنگ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر میونسپل کمشنر کے ایم سی سید افضل زیدی، ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز اظہر علی شاہ اور سپرنٹنڈنگ انجینئر عباس شاہ بھی موجود تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی کو مختلف اضلاع میں سڑکوں، شاہراہوں کی مرمت و بحالی، سیوریج اور دیگر ترقیاتی کاموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی اورمنصوبوں کی اپ ڈیٹ کے متعلق بتایا ، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے ہدایت کی کہ تمام تر وسائل ، مشینری اور افرادی قوت کو استعمال کرکے ترقیاتی کاموں کو وقت پر پایہ تکمیل کو پہنچایا جائے، شہر کی موجودہ صورتحال میں ضرورت اس بات کی ہے کہ بہتری اور بحالی کے کاموں میں ایک دن کی بھی تاخیر نہ ہو، ترقیاتی کاموں میں معیار کو بھی یقینی بنایا جائے تاکہ یہ منصوبے پائیدار ثابت ہوں اور شہری ان سے طویل عرصے تک مستفید ہوسکیں۔ دریں اثناء ایڈمنسٹریٹر کراچی، مشیر قانون اور ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام مارکیٹس کو بہتر بنایا جائے گا تاکہ ریکوری میں اضافہ کیا جاسکے، محکمہ اسٹیٹ اس سلسلے میں مکمل ڈیٹا تیار کرے اور ریکوری پر متعین عملے کو فعال بنایا جائے، کے ایم سی کی مارکیٹوں میں صفائی ستھرائی کے خاص انتظامات کیے گئے ہیں، محکمہ اسٹیٹ کی کارکردگی کو جانچنے کے لیے باقاعدگی کے ساتھ اجلاس کیے جائیں گے۔ یہ بات انہوں نے بدھ کے روز اپنے دفتر میں محکمہ اسٹیٹ کے متعلق فالو اَپ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر میونسپل کمشنر کے ایم سی سید افضل زیدی، سینئر ڈائریکٹر اسٹیٹ سمیرا حسین، ڈائریکٹر اسٹیٹ عمران صدیقی بھی موجود تھے۔
سڑکوں کی مرمت دیگر ترقیاتی کام جاری رہیں گے : مرتضی وہاب
Oct 06, 2022