راولپنڈی تعلیمی بورڈ کا سکینڈ اینول امتحان آج سے شروع ہو گا 

Oct 06, 2022


راولپنڈی(جنرل رپورٹر)راولپنڈی تعلیمی بورڈ کے تحت میٹرک سکینڈ اینول2022 کے امتحان کا آغازآج جمعرات 6اکتوبر سے ہو گا،ریجن بھر میں 48امتحانی سنٹرز قائم،امتحان میں مجموعی طور پر 17 ہزار666 امیدوار شرکت کریں گے،31 اگست کو میٹرک کے سالانہ امتحان میں 32ہزارامید وار فیل ہوئے تھے۔
، سکینڈ اینول امتحان کیلئے 17ہزار 666 امیدواروں نے اپنے داخلہ فارم جمع کر وائے تھے جن کیلئے تعلیمی بورڈ کی طرف سے 48امتحانی سنٹرز مقرر کئے گئے ہیں، تمام امید واروں کو رول نمبر سلپس جاری کر دی گئی ہیں، بورڈ کی طرف سے جاری ڈیٹ شیٹ کے مطابق دہم کا امتحان 6اکتوبر سے شروع ہو گا جو 17اکتوبر تک جاری رہے گا، جس کے فوری بعد 18 اکتوبر کو نہم کے امتحان کا آغاز ہو گا جو 27 اکتوبر کو اختتام پزیر ہوگا جس کے بعد عملی امتحان کا آغاز 29 اکتوبر سے 14 نومبر تک جاری رہے گا، تعلیمی بورڈ کی طرف سے اس امتحان کیلئے ریجن بھر کے امتحانی سنٹرز میں سپرنٹنڈنٹس، ڈپٹی سپرنٹنڈ ٹس اور نگران عملہ کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں،کنٹرولر امتحانات راولپنڈی تعلیمی بورڈ پروفیسرناصر محمود اعوان کا کہنا تھا کہ سکینڈ اینول امتحان کے انعقاد کے لئے تمام فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں اور سالانہ امتحانات کی طرح اس دفعہ بھی خفیہ پولیس کو تمام امتحانی مراکز پر نظر رکھنے کے لیے انتہائی اہم ذمہ داریاں دے دی گئی ہیں جن کی رپورٹ کی روشنی میں روزانہ کی بنیاد پر ایکشن لیا جائے گا۔

مزیدخبریں