کوئٹہ ( اے پی پی ) سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے افغانستان اور پاکستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے ان کی مذمت کی ہے اور کہا کہ پاکستان اور افغانستان میں اچانک امن و امان کی صورتحال میں خرابی اور دہشت گردانہ حملوں کے پیچھے ہمارا ازلی دشمن بھارت کا ہاتھ ہے جو نہیں چاہتا کہ پاکستان اور افغانستان میں امن قائم ہو۔انہوں نے کہا کہ یہ امر مسلمہ حقیقت ہے کہ افغانستان میں حالات خراب ہونے کی صورت میں اس کا سب سے زیادہ اثر پاکستان پر پڑتا ہے۔ ملک دشمن عناصر وطن عزیز کی تعمیر و ترقی اور امن و امان کو برداشت نہیں کر رہے اور اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لئے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت نہتے شہریوں اور سکیورٹی فورسز پر بزدلانہ حملے کر رہے ہیں جس کی مذمت کرتے ہیں اور دشمن کو یہ باور کرا دینا چاہتے ہیں کہ اس طرح کے بزدلانہ حملے پرعزم قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔انہوں نے کہا کہ دشمن اور مفاد پرست عناصر مادر وطن پاکستان کی تعمیر و ترقی و خوشحالی اور امن و امان کی صورتحال سے خوش نہیں اور اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لئے گھنائونی کارروائیاں کرتے ہیں لیکن پوری قوم، پاک افواج اور دیگر سیکورٹی فورسز نے ہمیشہ ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا کر ان کی بیخ کنی کی۔ ہماری سکیورٹی فورسزنے بڑی قربانیوں کے بعد ملک سے دہشت گردی کو ختم کیا ہے۔نہوں نے پوری قوم خاص کر نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کا قومی فریضہ ہے کہ امن و امان کی بہتری اور وطن کی حفاظت کے لئے اپنا کردارادا کریں اور دشمنوں کو باور کرائیں کہ پاکستانی قوم دہشت گردی کے خلاف متحد اور ایک پلیٹ فارم پر ہے۔