سلہٹ: ویمن ایشیا کپ کے سنسنی خیز میچ میں تھائی لینڈ نے پاکستان کو 4 وکٹس سے شکست دے دی ہے۔ قومی ویمن ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 116 رنز بنائے۔ اوپنر منیبہ علی 15، سدرہ امین 56 جبکہ ندا ڈار12 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔ کپتان بسمہ معروف 3 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئیں۔دوسری جانب تھائی لینڈ نے پاکستان کی جانب سے دئیے گئے 117 رنز کے ہدف پر بیٹنگ شروع کی اور 6 وکٹس کے نقصان پر اپنا ہدف 1 بال قبل ہی حاصل کر لیا۔ تھائی پلیئر نتھا کان نے سب سے زیادہ 61 رنز بنائے۔قومی ٹیم کی پہلی وکٹ 25، دوسری 43، تیسری 84، چوتھی 95 جبکہ پانچویں 110 کے مجموعی اسکور پر گری تاہم مقررہ 20 اوورز میں زیادہ اسکور نہ بنانے کے باعث تھائی لینڈ کی ٹیم ہدف پورا کرنے میں کامیاب رہی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل قومی ٹیم نے ملائشیا اور بنگلہ دیش کی ٹیمز کو ویمن ایشیا کپ کے ابتدائی میچز میں بہت آسانی کے ساتھ شکست دے دی تھی۔ تھائی لینڈ سے پاکستان کی شکست کو بڑا اپ سیٹ قرار دیا جارہا ہے۔