اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق کی عدالت نے سابق خاتون اول بشری بی بی کی اپنے شوہر کی جیل میں سکیورٹی اور تحفظ کے لیے دائر درخواست پر فریقین کو جواب کیلئے نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو گنجائش ہے اور جو کچھ عدالت کرسکتی ہے تو اس پر میں آرڈر کر دوں گا۔ گذشتہ روز سماعت کے دوران درخواست گزار کی جانب سے لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ عدالت پیش ہوئے۔ موقف اختیار کیاکہ چیئرمین پی ٹی آئی کو گھر کا کھانا فراہم کرنے کی اجازت دی جائے، چیئرمین پی ٹی آئی کو جس سیل میں رکھا گیا ہے وہاں نماز بھی بمشکل ادا کی جاسکتی ہے۔ عدالت نے مذکورہ بالا اقدامات کے ساتھ کیس کی سماعت ایک ہفتے تک کیلئے ملتوی کردی۔