اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت+ وقائع نگار) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے 9 مئی واقعات، لانگ مارچ، جعلی رسیدوں پر چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت کی درخواستیں دوبارہ سماعت کیلئے مقررکردیں۔ ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سِپرا 6 درخواست ضمانتوں پر آج سماعت کریں گے۔ سیشن عدالت نے غیرحاضری پر چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانتیں خارج کردی تھیں۔ دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی نے توشہ خانہ کیس میں سزا، الیکشن کمیشن کے نااہلی نوٹیفکیشن کو معطل کرنے اور سزا کے خلاف اپیل میں ترمیم کر کے ریاست کو فریق بنانے کی اجازت کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔ متفرق درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی صرف سزا معطل کی، 5 اگست کا مکمل فیصلہ معطل کیا جائے، الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ کیس میں سزا کی بنیاد پر چیئرمین پی ٹی آئی کو انتخابات میں حصہ لینے کے لیے نااہل قرار دینے کا نوٹیفکیشن جاری کیا، سزا کا آرڈر معطل ہونے کے باعث اپیل پر فیصلہ تک الیکشن کمیشن سے نااہلی کے نوٹیفکیشن کو بھی معطل کیا جائے۔ ادھر انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے تھانہ گولڑہ میں درج مقدمہ میں چیئرمین پی ٹی آئی کو عدالت پیش کئے جانے کیلئے دائر درخواست پر جواب کیلئے نوٹسز جاری کر دیئے۔