اسلام آباد (نامہ نگار) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی ایک روپے 71 پیسے فی یونٹ مہنگی کر دی ہے۔ اضافہ اگست کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے۔ نیپرا نے بجلی کی قیمت میں اضافے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی کی قیمت میں اضافے کا اطلاق اکتوبر کے بلز میں ہوگا۔ نوٹیفکیشن کا اطلاق لائف لائن اور کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ صارفین پر اگست کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 31 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ نیپرا نے پیر کے روز سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا جس کے مطابق بجلی 3 روپے 28 پیسے فی یونٹ مہنگی کی گئی۔ بجلی کی قیمت میں اضافے کا اطلاق کراچی سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین کیلئے کیا گیا جس سے صارفین پر تقریباً 160 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑا۔