نواز شریف کے اقتدار کا مطلب ہمیشہ تمام طبقات کی خوشحالی ،ملک کی ترقی ہوتا ہے ‘حمزہ شہباز

Oct 06, 2023

لاہور (نیوزرپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ نواز شریف کے اقتدار کا مطلب ہمیشہ تمام طبقات کی خوشحالی اور ملک کی ترقی ہوتا ہے، معاشی بحالی پاکستان کی بقا اور سالمیت کا مسئلہ ہے، سب کو اپنا کردار ادا کرنا پڑے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تاجروں سے ملاقات میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا ۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ ملک کو معاشی دلدل سے نوازشریف کی قیادت میں صرف پاکستان مسلم لیگ (ن) ہی نکال سکتی ہے۔2018ءمیں ترقی کرتا پاکستان دیا تھا، 2022ءمیں ڈیفالٹ والا پاکستان واپس ملا، 2018سے 2022کے درمیان کاروباری برادری اور عوام نے تباہی دیکھی اور بھگتی،2018سے 2022کے دوران ہونے والی تباہی کا نتیجہ ہے کہ نہ کاروبار چل سکتا ہے اور نہ غریب کا گزارہ ہو رہا ہے۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ ترقی اور مہنگائی سے عوام کو بچانے کا سفر پھر شروع ہوگا، ان شااللہ، ہمیشہ نواز شریف ہی قوم کے دکھوں پر مرہم ثابت ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف ہی غریب کا ساتھی، ہمدرد اور مددگار بنا ہے اور بنے گا، ان شااللہ، نواز شریف نے ہمیشہ جو کہا کرکے دکھایا، ہر وعدہ نبھایا۔نواز شریف کے اقتدار کا مطلب ہمیشہ تمام طبقات کی خوشحالی اور ملک کی ترقی ہوتا ہے، معاشی بحالی پاکستان کی بقا اور سالمیت کا مسئلہ ہے، سب کو اپنا کردار ادا کرنا پڑے گا۔

مزیدخبریں