لاہور (نوائے وقت رپورٹ+نیوزرپورٹر) مریم نواز نے کہا ہے کہ تمام سازشی کردار انجام کو پہنچ چکے ہیں۔ ن لیگ اقلیتی ونگ کے مشاورتی اجلاس میں مریم نواز شریف نے کہا کہ 21 اکتوبر کو مہنگائی میں کمی واپس آ رہی ہے۔ 2013ءسے 2018ءتک نواز شریف کے دور میں مہنگائی کنٹرول میں رہی۔ نواز شریف کو نکالا تو ملک سے ترقی اور خوشحالی بھی نکل گئی اور امن و سکون بھی نکل گیا۔ پاکستان کے نوجوانوں کو مذموم مقاصد کیلئے استعمال کیا گیا۔ آگ اور خون کی ندیاں بہائی گئیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے تمام سازشی کردار اپنے انجام کو پہنچ چکے ہیں۔ سب کچھ بھلا کر پاکستان کی ترقی پر توجہ مرکوز کرنی ہے۔ پاکستان کی اقلیتوں کے خوبصورت رنگ یہاں دیکھ کر بہت خوشی ہو رہی ہے۔ نوازشریف نے مسلم اور غیر مسلم پاکستانیوں کے حقوق میں کبھی امتیاز نہیں برتا۔ نواز شریف کرسمس والے دن پیدا ہوئے۔ سکھ برادری کو دیکھ کر اپنے دادا کے پیدائشی علاقے امرتسر کی یاد آگئی۔ امرتسر میں دادا کے گھر کو گوردوارہ بنا دیا گیا تھا۔ امرتسر سے ہمیشہ دعا¶ں کے پیغامات آتے ہیں۔ پاکستان کا روشن مستقبل 21 اکتوبر کو واپس آ رہا ہے۔ تحریک پاکستان میں اقلیتوں کا کردار ناقابل فراموش ہے۔ اقلیتوں کے حقوق کی خلاف ورزی بابائے قوم کے فرمودات کی خلاف ورزی ہے۔ کیا تعلیم اور صحت کے شعبے میں اقلیتوں کا کردار نظر انداز ہو سکتا ہے۔ غیر مسلم پاکستانی بھی مینار پاکستان پر روشن وطن کی تعمیر کے عہد کا اعادہ کریں گے۔ نواز شریف 21 اکتوبر کو پاکستان کی ترقی کا وژن دیں گے۔ وہ غیر مسلم پاکستانیوں کے حقوق کے تحفظ کا ایجنڈا دیں گے۔ پاکستان کو قرض، مہنگائی، معاشی بدحالی سے آزاد کریں گے۔ مینار پاکستان پر اسلامی، جمہوری، فلاحی مملکت کا خواب دیکھا گیا تھا۔ اب مینار پاکستان پر معاشی آزادی کا ایک اور تاریخی عہد کریں گے۔ مسلم لیگ (ن) اقلیتی ونگ کا دائرہ کار پورے پاکستان میں پھیلا رہی ہے۔ علاوہ ازیں مریم نواز کو گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں خطاب کی دعوت دی گئی ہے۔ یونیورسٹی وائس چانسلر اصغر زیدی کی جانب سے دعوت نامہ بھیجا گیا۔ طلبہ سے خطاب کیلئے 16 اکتوبر کی درخواست کی گئی ہے۔ سانحہ جڑانوالہ میں ملوث تمام عناصر کو سزا ملنی چاہیے، مسیحی برادری کو جس طرح اپنے گھروں سے باہر رہنا پڑا، وہ ہم سب کے لئے انتہائی قابل افسوس اور باعث شرم ہے۔ سانحہ جڑانوالہ نے ہمارے سر شرم سے جھکا دئیے۔ افسوس ہے کہ اتنی بڑی مسیحی برادری کو تحفظ نہیں دیا جاسکا۔ سانحہ جڑانوالہ پر مسیحی اور اقلیتی برادری کو جو تکلیف پہنچی، اس پر پاکستانیوں کی طرف سے معذرت کرتی ہوں۔
مریم نواز
لاہور (نیوز رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی کور کمیٹی کے اجلاس میں نواز شریف نے بھی وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ نواز شریف کی وطن واپسی پر استقبال کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ مریم نواز، شہباز شریف اور حمزہ شہباز، مریم اورنگزیب، خواجہ آصف، پرویز رشید اور رانا ثناء اللہ، احسن اقبال سمیت دیگر رہنماو¿ں نے شرکت کی۔ مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ ہولڈرز کو روزانہ کی بنیاد پر کارنر میٹنگز اور روکرز کنونشن کی ہدایات جاری کی گئیں۔ ذرائع کے مطابق رانا ثناءاللہ نے پنجاب کے تمام حلقوں کی استقبال کے حوالے سے تیاریوں کے بارے میں بریف کیا۔ پارٹی ذرائع کے مطابق نواز شریف نے استقبال کے لیے 5 لاکھ سے زائد لوگ جلسہ گاہ میں لانے کا ٹاسک دیا۔
تمام سازشی انجام کو پہنچ گئے، روشن مستقبل 21اکتوبر کو واپس آرہا ہے: مریم نواز
Oct 06, 2023