تنازعہ کشمیر کے حل تک جدوجہد میں کشمیریوں کے ساتھے ہیں: وزیراعظم

Oct 06, 2023

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی مدد جاری رکھے گا۔ مسئلہ کشمیر تقسیم ہند کا ادھورا ایجنڈا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزاد کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوار الحق سے گفتگوکرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیرِ اعظم آزاد کشمیر نے نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کو اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں کشمیریوں کیلئے آواز اٹھانے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد میں ہر طرح سے ان کے ساتھ ہے۔ پاکستان اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی مدد جاری رکھے گا۔ مسئلہ کشمیر تقسیم ہند کا ادھورا ایجنڈا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک مسئلہ کمشیر کا حل اقوام متحدہ سکیورٹی کونسل کی قراردادوں کے تحت کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق نہیں ہوتا، ہم کشمیریوں کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہیں۔ دوسری طرف نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سے سبکدوش ہونے والے چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے الوداعی ملاقات کی۔ جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے پاک بحریہ کے لیے ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کی خدمات کو سراہا۔ وزیراعظم نے کہا کہ آپ نے بہترین طریقے سے پاک بحریہ کی قیادت کی اور ملکی دفاع کو نا قابل تسخیر بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ علاوہ ازیں نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سے کاروباری شخصیت حاجی نواب دمڑ، قبائلی رہنما سردار فرید دمڑ اور سماجی رہنما لال خان کاکڑ نے ملاقات کی۔ علاوہ ازیں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔ وزیر اعظم نے اسلام آباد میں نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کا افتتاح کر دیا۔ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونے والے سرفہرست ممالک میں سے ایک ہے۔ انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی ایک حقیقی چیلنج ہے جو ہماری آنے والی نسلوں کو پریشان کرتی رہے گی۔ اثرات سے بچنے کے لئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔ انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ ایک ایسے پلیٹ فارم کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے جو آفات کی نگرانی کر سکے، یہ نظام قدرتی آفات اور موسمیاتی تغیر میں مدد فراہم کرے گا۔ وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا دورہ کراچی مصروفیات کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا۔

مزیدخبریں