قوم نواز شریف کو ذمہ داری دے مہنگائی سے نجات، ترقی کی ضمانت دیتا ہوں: شہباز

Oct 06, 2023

لاہور (نوائے وقت رپورٹ +نیوز رپورٹر) شہبازشریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ سیاست پر ریاست کو ترجیح دی۔ نوازشریف کا ایجنڈا قوم کا اتحاد اور معاشی بحالی ہے۔ معاشی بحالی اور مہنگائی سے نجات کیلئے ضروری ہے کہ ماضی کی غلطیاں نہ دہرائی جائیں۔ قوم کا اتحاد‘ سیاسی تسلسل اور درست پالیسیوں سے ہی معاشی خودانحصاری اور ترقی یقینی بنا سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور اور پنجاب ٹریڈرز ایسوسی ایشنز کے عہدیداروں اور نمائندوں سے گفتگو میں کیا۔ ملاقات میں ملکی مجموعی صورتحال اور معیشت کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہبازشریف نے کہا کہ نوازشریف معاشی مشکلات کے حل کا ایجنڈا دیں گے۔ قوم نوازشریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کو ذمہ داری دے۔ مہنگائی سے نجات اور ترقی کی ضمانت دیتا ہوں۔ تاجروں نے درپیش معاشی مشکلات کے حوالے سے آگاہ کیا۔ تاجروں نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے پر بطور وزیراعظم شہبازشریف کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ تاجر رہنماﺅں نے کہا کہ تاجر برادری دل و جان سے میاں نوازشریف کا استقبال کرے گی۔ تاجروںکے ساتھ نوازشریف کا دل کا رشتہ ہے۔ نوازشریف نے تاجروں کیلئے ہر مشکل وقت میں ساتھ دیا ہے۔ 2018ءسے 2022ءکے چار سال بڑے صبر آزما تھے۔ تاجر معاشی ظلم کا شکار ہوئے۔ پاکستان کے مسائل کا حل اب صرف نوازشریف کے پاس ہے۔ شہبازشریف کے کام اور انتھک محنت سے متاثر ہیں۔ ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ بدھ کو میں نے اپنے قومی اسمبلی کے حلقے سے عوامی رابطہ مہم کا آغاز کیا۔ مقصد اپنا ایجنڈا عوام کے سامنے رکھنا ہی نہیں‘ ان کی باتیں اور تجاویز سننا بھی تھا۔ تجاویز سن کر ان سے سیکھنا اور مسائل کا حل تلاش کرنا بھی ہے۔ میرے حلقے کے کچھ لوگوں نے میری گاڑی روک کر اپنے مسائل بیان کئے۔ میں نے مسائل بیان کرنے والوںکے نمائندوں کو بلا کر ان کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی۔ میرے نزدیک سیاست ایک عبادت ہے۔

مزیدخبریں