خواتین کے حقوق پر آواز بلند کرنے پر ایران کی نرگس محمدی نے امن کا نوبل انعام جیت لیا۔
سال 2023 کے نوبل انعامات کا اعلان 2 اکتوبر سے شروع ہوا تھا. جس میں آج خواتین کے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے پر نوبیل دیا گیا۔خواتین کے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے کا نوبل انعام ایران کی نرگس محمدی کو دیا گیا ہے۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ایران میں انسانی حقوق کی علمبردار نرگس محمدی تہران کی ایون جیل میں اسیر ہیں اور دیگر متعدد مقدمات سمیت ایرانی حکومت کے خلاف پراپیگنڈا پھیلانے کے مقدمات کا سامنا کر رہی ہیں۔سربراہ نوبل کمیٹی بیرٹ ریس اینڈرسن کا کہنا ہے کہ یہ انسانی حقوق اور آزادی کے لیے نرگس محمدی کی جدوجہد کا اعتراف ہے۔امن کمیٹی کے مطابق نرگس محمدی نے خواتین کے حقوق اور آزادی کی بہت بھاری قیمت چکائی. انہیں 13 مرتبہ گرفتار کیا گیا. 5 مرتبہ مجرم ٹھہرایا گیا اور انہیں مجموعی طور پر 31 برس قید اور 154 کوڑوں کی سزا سنائی گئی۔