لاہور(سپورٹس رپورٹر)آسٹریلین ہائی کمشنرنیل ہاکنز کرکٹ کی طرح ہاکی میں بھی پاکستان آسٹریلیا روابطہ کی بحالی کے خواہشمند ہیں، لاہور آمد پر ان کو نیشنل ہاکی سٹیڈیم کا دورہ بھی کرایاگیا۔ نیل ہاکنز کا کہناہے کہ ہاکی کے میدان میں پاکستان کا ماضی بہت شاندار رہاہے۔ کئی نامور اولمپئنز پاکستان کی پہچان ہیں۔ ٹیلنٹ اب بھی ہے، مستقبل کے اولمپئن میدان میں ہیں۔ پاکستان اور آسٹریلیا مل کر ہاکی کے میدان میں بہت کچھ کرسکتے ہیں، دونوں ممالک مل کر اس کھیل کو نئی زندگی دے سکتے ہیں۔ اس کھیل میں بہتر پلاننگ کے ساتھ انویسمنٹ اور حکومتی سپورٹ کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار نیل ہاکنز نے لاہور میں ورلڈ ٹیچرز ڈے کے حوالے سے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں منعقدہ تقریب میں کیا۔ نیشنل ہاکی سٹیڈیم کی ٹرف ٹو پرورلڈ ٹیچرز کی ڈے کی تقریب میں آمد پر آسٹریلین ہائی کمشنر نیل ہاکنز اور ان کا اہلیہ کا استقبال اولمپئن خواجہ جینید، ڈی آئی جی محبوب للہ اور صوفیہ وڑائچ نے کیا۔ اکیڈمی کے بچوں نے گلدستہ پیش کیا۔ آسٹریلین ہائی کمشنر کو پنجاب کی خصوصی ثقاقت کے طورپر پگڑی بھی پہنائی گئی۔ نیل ہاکنز کی ملاقات ننھے ہاکی پلیئرز سے کرائی گئی، بچوں کو میدان میں دیکھ کر نیل ہاکنز بہت خوش ہوئے اور امید ظاہر کی کہ ایک دن یہ بچے پاکستان کی جانب سے بھی ضرور کھیلیں گے۔