شادی سے پہلے بیوی کے بھائی سے دوستی کی‘ امام الحق کا انکشاف 

Oct 06, 2024

لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر بیٹر امام الحق نے انکشاف کیا ہے کہ اہلیہ سے شادی کرنے اور ان سے تعلقات استوار کرنے کیلئے انہوں نے پہلے بیوی کے بھائی سے دوستی کی۔ ان کی اہلیہ انمول محمود کا بچپن یورپی ملک ناروے میں گزرا اور وہ وہیں پلی بڑھیں جبکہ وہ پیشے کے لحاظ سے جنرل فزیشن ڈاکٹر ہیں۔ وہ  امارات میں پاکستان سپر لیگ کھیل رہے تھے کہ ان کی اہلیہ کا خاندان چھٹیاں منانے  آیا اور  پی ایس ایل میچ دیکھا۔امام الحق کے مطابق پی ایس ایل کے دوران ان کی اہلیہ کے بھائی ان کے پاس آئے،  تصاویر بنوانے کے بعد انہیں رات کے کھانے کی دعوت دی، جہاں انہوں نے پہلی بار اہلیہ کو دیکھا۔انہوں نے اعتراف کیا کہ اہلیہ کو دیکھنے کے بعد  بیوی کے بھائی سے دوستی کی اور پھر تعلقات استوار کیے۔ اڑھائی سے تین سال تک تعلقات میں رہے،  دوستی رہی، پھر شادی کا فیصلہ کیا۔ کرکٹر کی اہلیہ نے بتایا کہ شادی کے بعد امام الحق مزید اچھے ہوگئے ہیں اور پاکستان کے میچ ہارنے پر بھی وہ شوہر کو کچھ نہیں بولتیں، کیونکہ باقی عوام انہیں بہت ہی برا بھلا بول چکی ہوتی ہے‘پیشے کے لحاظ سے ڈاکٹر ہوں مگر ملازمت نہیں کرتی۔ امام الحق اور انمول محمود نے نومبر 2023 میں شادی کی تھی۔

مزیدخبریں