گوجرانوالہ:بغیر زگ زیگ ٹیکنالوجی کے چلنے والے3بھٹے مسمار 

 گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی )سموگ آلودگی کے خاتمے کیلئے وزیر اعلی پنجاب مریم نوازشریف کے احکامات اور ڈپٹی کمشنر نوید احمد کی ہدایات پر تحصیل(صدر)میں کریک ڈائون، بغیر زگ زیگ ٹیکنالوجی کے چلنے والے3بھٹوں کو مسمار کر دیا گیا تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی پنجاب کے ویژن آلودگی سے پاک ستھرا پنجاب مہم کے تحت آلودگی کی روک تھام کے لیے کاروائیاں مزید تیز کردی گئی ہے ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ و وزیرآباد نوید احمد کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کے افسران اسسٹنٹ کمشنر (صدر)ڈاکٹر حلیمہ منیر،ڈپٹی ڈائریکٹر عثمان اظہر محکمہ تحفظ ماحولیات اور دیگر متعلقہ نے تحصیل صدر کے علاقہ شیخ رجادہ میں(فیصل بٹر برکس کمپنی، فرحت بٹر برکس کمپنی ، بٹر برکس کمپنی)کیخلاف کاروائیاں کیں ۔ماحول دوست ٹیکنالوجی کا نظام نہ لگانے، کھلے مقامات پر مہلک دھاتیں جلانے اور انسانی صحت پر منفی اثرات مرتب کرنے والے بھٹوں کو مسمار کیا گیا اس موقع پر افسران نے کہا ہے کہ جو لوگ قانون کی خلاف ورزی کریں گے انکا محاسبہ کیا جائے گا اور انہیں قانون کی گرفت میں لایا جائے گا، مسمار کیے گئے بھٹوں میں مہلک دھاتیں بطور ایندھن استعمال کی جارہی تھیں اور مواد کو کھلے آسمان تلے جلایا جارہا تھا جس سے نہ صرف علاقہ میں آلودگی میں اضافہ ہو رہا تھا بلکہ مہلک دھاتیں جلانے سے پیدا ہونے والا دھواں انسانی صحت پر منفی اثرات مرتب کررہا تھا۔

ای پیپر دی نیشن