گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی )فوڈ سیفٹی ٹیموں نے سلاٹر ہائوس میں چھاپہ مار کاروائی کے دوران بیمار، نیم مردہ جانور اور بھاری مقدار میں گوشت ضبط کر لیا،ملزمان کیخلاف مقدمہ بھی درج کروادیا ،تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈاتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے گوجرانوالہ میں خوراک کے نام پر جعلسازی کرنے والا جعلساز مافیا بے نقاب کردیا گیا ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے حکم پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے عثمان کالونی سیالکوٹ روڈ پر واقع غیر قانونی سلاٹر ہائوس پر چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے وہاں سے بیمار، نیم مردہ جانور اور بھاری مقدار میں مضر صحت گوشت بر آمد کرکے اسے ضبط کرنے کیساتھ ملزمان کیخلاف مقدمہ بھی درج کروادیا ہے ، ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ویٹرنری سپیشلسٹ نے گوشت کا معائنہ کیا۔ مضرصحت ثابت ہونے پر لائیوسٹاک کے حوالے کردیا،رہائشی علاقے میں چھپ کر بیمار، مردہ جانوروں کو ذبح کیا جا رہا تھا، غیر قانونی سلاٹر ہائوس میں صفائی کے انتہائی غیر مناسب انتظامات پائے گے، لازم ریکارڈ عدم موجود، مہر موجود نہ تھی، ڈی جی فوڈاتھارٹی نے کہا کہ جعلسازی میں ملوث عناصر کی پنجاب میں کوئی جگہ نہیں، قوانین کیخلاف اور لائسنس کے بغیر کام کیا جا رہا تھا، مردہ و بیمار جانور کے گوشت کا خوراک میں استعمال سنگین جرم اور نقصان دہ ثابت ہوتا ہے، جعلساز مافیا کے نت نئے حربے ناکام بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اپنے ارد گرد موجود جعلساز مافیا کی اطلاع پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 پر دیں۔
گوجرنوالہ :فوڈ اتھارٹی کی کارروائی ، سلاٹر ہائوس سے بیمار، نیم مردہ جانور ،گوشت ضبط
Oct 06, 2024