پولیس ملازمین کے بچوں کا علاج معالجہ ‘رواںسال 7کروڑ روپے سے زائد جاری  

لاہور (سٹاف رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور پولیس ملازمین کے علیل بچوں کے بہترین علاج معالجے کیلئے تاریخی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں جس کی بدولت ہزاروں بچوں کی زندگی میں امید و بحالی کا حوصلہ اور جذبہ موجزن ہوگیا ہے۔پھول پراجیکٹ کے تحت سنگین بیماریوں میں مبتلا بچوں کو طبی اخراجات کیلئے مالی معاونت بلا تعطل جاری ہے ، رواں سال کے پہلے 9 ماہ میں 894 بچوں کے علاج پر 7 کروڑ 30 لاکھ روپے خرچ کئے گئے ہیں۔ دماغی فالج کا شکار 582 بچوں کو 3 کروڑ 37 لاکھ 50 ہزار روپے جاری کئے گئے ، تھیلیسمیا کا شکار 152 کو 1 کروڑ 33 لاکھ 65 ہزار روپے دئیے گئے۔ دماغی فالج اور تھیلیسمیا سے متاثرہ بچوں کو ماہانہ بنیادوں پر طبی اخراجات فراہم کئے جا رہے ہیں ، 6 بچوں کی کوکلئیر امپلانٹ سرجری پر 90 لاکھ روپے خرچ ہوئے ، 15 بچوں کے کینسر اور بون میرو ٹرانسپلانٹ پر تقریبا 40 لاکھ روپے خرچ کئے گئے ، 13 بچوں کی دل ، گردوں اور دیگر اعضاء کی سرجری پر تقریبا 35 لاکھ روپے خرچ کئے گئے۔ 60 بچوں کو فوری طبی مالی امداد کی کیٹیگری میں 72 لاکھ روپے سے زائد رقم جاری کی گئی۔ قوت سماعت سے متاثرہ 38 بچوں کے علاج معالجے پر 22 لاکھ روپے سے زائد رقم خرچ کی گئی۔ جسمانی معذوری کا شکار 28 بچوں کو جدید ترین وہیل چئیرز بھی فراہم کی گئیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس ایک فیملی ہے، علیل بچوں کی جلد صحت یابی اولین ترجیح میں شامل ہے۔ پچھلے سال ان بچوں کے علاج معالجے پر ساڑھے 9 کروڑ خرچ کئے گئے، رواں سال پہلے سے زیادہ ہیلتھ وظائف کا اجرا کیا گیا۔ تعاون کا دائرہ کار مزید وسیع کریں گے۔ 

ای پیپر دی نیشن