لاہور(نیوزرپورٹر) سوات اور شمالی وزیرستان میں فتنہ خوارج کی سرکوبی پر وفاقی وزیر و صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے پاک فوج کو داد شجاعت دیتے ہوئے کہا دونوں آپریشنز میں مجموعی طور پر 11خوارج کو واصل جہنم کرتے ہوئے دہشت گردوں کے عزائم خاک میں ملا کر قومی سلامتی کے اداروں نے دشمنان وطن کو واضح پیغام دیا ہے کہ ارض پاک پر دہشت گردی کے منڈلاتے سائے ہر گز مہیب نہیں ہونے دینگے۔فتنہ خوارج کا خاتمہ ملکی دفاع، امن و سلامتی اور استحکام کیلئے نا گزیر ہے۔ یہ حقیقت روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ وطن کی سلامتی کیلئے بہادر فوج دہائیوں سے دہشت گردوں اور ملک دشمن عناصر سے بر سر پیکار ہے۔ پوری قوم کو پاک فوج کے جوانمردی اور شجاعت پہ پورا بھروسہ ہے اور پوری قوم اپنی بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ یہ امر نوشتہ دیوار ہے کہ ملک میں فتنہ و فساد پھیلانے والوں کو منہ کی کھانا پڑے گی اور دہشت گردی کے مذموم ہتھکنڈوں سے ملکی ترقی کی راہ میں رکاوٹ بننے والے منصوبے خاک آلود ہوں گے۔ وفاقی وزیر نجکاری عبدالعلیم خان نے قوم سے متحد رہنے اوردشمن کی چالوں کو سمجھتے ہوئے ان سے بچنے کی اپیل کی ہے۔ قومی اتحاد اور پاک فوج کیساتھ اظہار یکجہتی دہشت گردی کیخلاف بہترین ہتھیار ہے۔ فوج وطن عزیز کے دفاع اور سلامتی کے عظیم مقاصد میں ضرور کامیاب ہوگی۔
فتنہ خوارج کا خاتمہ ملکی دفاع، امن و سلامتی ، استحکام کیلئے نا گزیر ہے:عبدالعلیم خان
Oct 06, 2024