لاہور(نیوز رپورٹر) سی ای او سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ (سی بی ڈی) پنجاب، عمران امین کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔جس میں سی بی ڈی روٹ 47، والٹن ریلوے کراسنگ فلائی اوور اور والٹن روڈ کی ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران سی ای او سی بی ڈی پنجاب کو ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔عمران امین نے والٹن روڈ ریلوے کراسنگ فلائی اوور پر واٹر باؤنڈ کی تکمیل کے بعد سفالٹ کا کام جلد شروع کرنے کی ہدایت دی۔ اجلاس میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر ٹیکنیکل ریاض حسین، ڈائریکٹر کنسٹرکشن آصف بابر، ڈائریکٹر پروجیکٹ مینجمنٹ اصف اقبال، ڈائریکٹر آرکیٹیکچر اینڈ پلاننگ سمیر افتاب سیال، نیسپاک اور این ایل سی کے اعلیٰ افسران سمیت کنٹریکٹرز نے شرکت کی۔ عمران امین کو بتایا گیا کہ والٹن روڈ پر ڈیفنس موڑ سے قینچی تک کا سفالٹ مکمل ہو چکا ہے اور ٹریفک کیلئے فعال کر دیا گیا ہے۔ مزید برآں میجر اسحاق شہید فلائی اوور پر اسفالٹ کی آخری تہہ بھی مکمل کر لی گئی ہے جس کو ایک 2 دن میں ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا۔ سی ای او سی بی ڈی پنجاب نے والٹن روڈ اور سی بی ڈی روٹ 47 کیساتھ ساتھ والٹن ریلوے کراسنگ فلائی اوور کا بھی دورہ کیا۔ جہاں انہوں نے فلائی اوور پر جاری واٹر باؤنڈ کے کام کی جلد تکمیل اور سفالٹ کے فوری آغاز کی ہدایت کی۔ عمران امین نے دورے کے دوران کہا ’’روٹ 47 اور والٹن ریلوے کراسنگ فلائی اوور ایک اہم لنک ہے جو گلبرگ کو والٹن روڈ سے ملاتا ہے۔ اس منصوبے کی بروقت تکمیل سے شہر کی ٹریفک روانی میں مزید بہتری آئے گی اور عوام کو ریلیف فراہم ہوگا۔‘‘