لاہور (لیڈی رپورٹر ) یو ای ٹی لاہور میں ٹیچنگ سٹاف ایسوسی ایشن (ٹی ایس اے) کی جانب سے یوم اساتذہ کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں وائس چانسلر یو ای ٹی پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر (تمغہ امتیاز) فیکلٹی ممبران، انتظامیہ اور اساتذہ کے ہمراہ بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ڈاکٹر شاہد منیر نے کہا میری کامیابی میں میرے اساتذہ کا کلیدی کردار ہے۔ اساتذہ قوم کے معمار ہیں ہمیں اپنے اساتذہ کا احترام کرنا چاہیے اور بدلے میں اساتذہ کو اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھانی چاہئیں۔ ایک کامیاب معاشرہ بغیر محنتی اساتذہ کے ترقی نہیں کر سکتا۔فیکلٹی اراکین کی فلاح و بہبود ان کی قیادت کی اولین ترجیح ہے۔ڈاکٹر شاہد منیرنے ترقیوں کے منتظر اساتذہ کو خوشخبری دیتے ہوئے جلد ہی زیرالتوا پروموشن کیلئے سلیکشن بورڈ بلانے کا اعلان کیا۔ انہوں نے شرکاء کو یقین دلایا کہ طویل مدت سے مؤخر 25 فیصد الاؤنس، جو مالی مشکلات کی وجہ سے معطل تھا، یونیورسٹی کی مالی صورت حال بہتر ہوتے ہی تمام ملازمین اور اساتذہ کیلئے بحال کیا جائے گا۔تقریب میں ٹی ایس اے قیادت نے امید ظاہر کی کہ ڈاکٹر شاہد منیر کی قیادت میں یو ای ٹی ضرور ترقی کی منازل طے کرے گی۔ تقریب میں تمام فیکلٹیز کے ڈینز شعبہ جات کے سربراہان، ٹی ایس اے کے صدر ڈاکٹر امجد حسین، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر آصف رفیق اور ڈائریکٹر پی ایچ ای سی ڈاکٹر تنویر قاسم نے شرکت کی۔
یو ای ٹی :یوم اساتذہ کی مناسبت سے تقریب ،معاشرہ بغیر محنتی اساتذہ کے ترقی نہیں کر سکتا
Oct 06, 2024