لاہور (نیوز رپورٹر)7 اکتوبر کو پوری قوم یوم یکجہتی فلسطین منانے سڑکوں پر نکلے گی۔ اس روز کسی سیاسی جماعت کا نہیں، صرف فلسطین کا نعرہ سر بلند ہو گا اور سب کے ہاتھ میں فلسطین کا جھنڈا ہو گا۔ اس عزم کا اظہار جنرل سیکرٹری پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب سید حسن مرتضی اور امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری نے پیپلز سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرنیلم جبار، عثمان ملک، رانا جواد، چودھری اسلم گل، حاجی عزیز الرحمن چن، احسن رضوی، نصراللہ گورایہ، ضیاء الدین انصاری، سمیع الرحمن اور چودھری شوکت بھی موجود تھے۔ پریس کانفرنس سے قبل جماعت اسلامی کے وفد نے میزبانوں کو اہل فلسطین سے یک جہتی کے مفلر پہنائے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سید حسن مرتضی نے کہا کہ اختلاف رائے رکھنے کے باوجود ہم فلسطین کاز کیلئے اکٹھے ہیں۔ انتشار کے ماحول میں دونوں جماعتوں کا قریب آنا بہت خوش آئند ہے، قوم کے جذبات کی ترجمانی نہیں کرینگے تو قوم بھی مارے گی۔ حسن مرتضی کا کہنا تھا کہ اسرائیلی ظلم و بربریت کو نہ روکا گیا تو اس کے توسیع پسندانہ عزائم کو ناکام نہیں بنا سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایک پکے اور سچے مسلمان اور پاکستانی کی حیثیت سے فلسطین کیساتھ ہیں۔ فلسطینی جھکے ہیں نہ بکے ہیں۔ بلکہ اسرائیل کیخلاف ڈٹے کھڑے ہیں۔ ہمیں اہل فلسطین کی مدد کیلئے ڈاکٹرز، ادویات اور دیگر چیزیں بھیجنے کی ضرورت ہے، جنگ مسئلے کا حل نہیں۔ امن ہی سب اقوام کے حق میں ہے۔