اسرائیل کو ایرانی ایٹمی تنصیبات کو نشانہ بنانا چاہئے، ٹرمپ کی احمقانہ سوچ 

Oct 06, 2024

واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) سابق امریکی صدر اور ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا میزائل حملوں کے جواب میں اسرائیل کو ایران کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانا چاہئے۔ شمالی کیرولینا میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ صدر جو بائیڈن کا ایران پر حملوں کی حمایت نہ کرنا غلط ہے، ہمیں جس سب سے بڑے خطرے کا سامنا ہے وہ ایران کے جوہری ہتھیار ہیں۔ اس حوالے سے امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا تھا کہ اگر اسرائیل کی جگہ ہوتا تو ایران کی تیل تنصیات کی جگہ کسی متبادل جگہ کا انتخاب کرتا، اسرائیلی وزیراعظم کو یہ بات جاننی چاہیے کہ میری انتظامیہ سے زیادہ کسی نے اسرائیل کی مدد نہیں کی۔ دوسری جانب اسرائیل نے خبردار کیا ہے کہ اگر ان کے جوابی حملے کے ردعمل میں ایران نے کسی قسم کی کارروائی کی تو اسرائیل جوہری ہتھیار استعمال کرے گا۔ این این آئی کے مطابق سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارتی الیکشن جیتنے کی صورت میں کنفیڈریٹس کو پھر سے اہمیت دینے کی ٹھان لی۔ ٹرمپ نے کہا کہ صدر بنے تو فورٹ لبرٹی کا نام پھر سے فورٹ بریگ رکھ دیں گے۔ کنفیڈریٹ لیڈر کے نام پر ہونے کے سبب امریکی فوج نے اپنے سب سے بڑے اڈوں میں سے ایک کا نام پچھلے سال تبدیل کیا تھا۔ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے صدر بائیڈن پر بھی تنقید کی گئی کہا کہ سیلاب سے 200  افراد ہلاک اور200  لاپتہ ہیں۔ بائیڈن انتظامیہ نے مناسب امدادی کارروائی نہیں کی۔ دوسری جانب ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار کاملا ہیریس نے ڈونلڈ ٹرمپ پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم ماضی کی طرف نہیں پلٹیں گے، آگے بڑھیں گے۔کاملا ہیرس نے مزید کہا تھا کہ ٹرمپ دور میں آٹو اور مینوفیکچرنگ شعبے میں نوکریاں گئیں، ٹرمپ اپنے وعدے کبھی پورے نہیں کرتے۔

مزیدخبریں