لبنان: مہاجر کیمپ میں اسرائیلی حملے، حماس کمانڈر اہلیہ، 2 بیٹیوں سمیت درجنوں شہید

Oct 06, 2024

تل ابیب +بیروت (نیٹ نیوز+ این این آئی) لبنان پر اسرائیل کے حملوں میں حماس کے کمانڈر اہل خانہ سمیت شہید ہو گئے۔ امریکی میڈیا کے مطابق حماس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شمالی لبنان کے مہاجر کیمپ پر اسرائیل کے حملے میں کمانڈر عطاء اللہ علی، ان کی اہلیہ اور 2 بیٹیاں شہید ہو گئے۔ حملے کے وقت کمانڈر عطاء اللہ بداوی مہاجر کیمپ میں واقع اپنے گھر میں موجود تھے۔ غزہ جنگ کے آغاز کے بعد سے اسرائیل نے بداوی کیمپ کو پہلی مرتبہ نشانہ بنایا ہے۔ واضح رہے کہ لبنان میں فلسطینی پناہ گزینوں کے درجنوں کیمپس موجود ہیں، جہاں فلسیطنی برسوں سے مقیم ہیں۔ دوسری جانب اسرائیل نے لبنان پر اپنے حملوں کو تیز کر دیا ہے۔ حالیہ حملوں میں المنصوری، مجدل زون اور الخیام کے قصبوں کو نشانہ بنایا گیا۔ عرب ٹی وی کے مطابق جنوبی لبنان سے اسرائیل کے شمال میں الجلیل کی طرف میزائل داغے گئے جس کے نتیجے میں جنوبی لبنانی قصبوں پر انٹرسیپٹر میزائل داغے گئے۔ اسرائیلی فوج نے کہا کہ ایک ڈرون نے گولان میں ایک فوجی اڈے کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں دو فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے پر اسرائیلی بمباری میں حزب اللہ کے متوقع سربراہ ہاشم صفی الدین کو قتل کرنے کا بھی اسرائیل نے دعوی کیا ہے۔ اسرائیلی وزیر دفاع یوو گیلنٹ نے تصدیق کی کہ اسرائیل حزب اللہ پر انتہائی تکلیف دہ اور پے در پے حملوں کی ہدایت کر رہا ہے۔ اسرائیلی فوج جنوبی لبنان میں کئی دیہاتوں میں کام کر رہی ہے۔ حزب اللہ کے تمام فوجی مقامات کی تباہی تک فوجی آپریشن جاری رکھا جائے گا۔ جبکہ لبنان کے دارالحکومت بیروت کے مختلف اسرائیلی حملے جاری ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں درجنوں افراد شہید ہو چکے ہیں جب کہ مجموعی طور پر اموات کی تعداد 2 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ غیر ملکی خبررساں ادارے مطابق بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقوں پر اسرائیلی حملے رات بھر جاری رہے۔ لبنان کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں اسرائیل کے حملوں میں اب تک 2 ہزار سے زائد افراد شہید ہو چکے ہیں جن میں 127 بچے اور 261 خواتین شامل ہیں۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حزب اللہ کے جنگجوؤں کو جنوبی لبنان کی ایک مسجد کے اندر راتوں رات نشانہ بنایا ہے جس میں کچھ اموات ہوئی ہیں تاہم اس حوالے سے حتمی تعداد نہیں رپورٹ نہیں کی گئی۔ اسرائیلی فوج کے مطابق اسرائیل ڈیفنس فورس (آئی ڈی ایف) نے انٹیلی جنس کی ہدایت پر حزب اللہ کے دہشت گردوں کو نشانہ بنایا جو ایک کمانڈ سینٹر کے اندر کام کر رہے تھے۔ ’جنوبی لبنان میں صلاح غندور ہسپتال سے متصل ایک مسجد کے اندر اس کمانڈ سینٹر کا استعمال اسرائیل ڈیفنس فورس (آئی ڈی ایف) اور ریاست اسرائیل کے خلاف دہشت گردانہ حملوں کی منصوبہ بندی کے لیے کیا جا رہا تھا۔ دوسری جانب امریکہ اور برطانیہ نے یمن کے مختلف حصوں میں بمباری کرتے ہوئے دارالحکومت صنعا اور خدیدہ ائر پورٹ سمیت مختلف شہروں سمیت مجموعی طور پر چار صوبوں کو نشانہ بنایا ہے۔ خبر رساں ایجنسی کے مطابق ان حملوں میں ذمار شہر اور المسیرہ کو بھی نشانہ بنایا گیا اور ملک کے چار صوبوں نشانہ بنایا گیا یمن کے حوثیوں کی جانب سے چلائے جا رہے، المسیرہ ٹی وی نیٹ ورک کے مطابق امریکا اور برطانیہ کے حملوں کے بعد مختلف شہروں سے دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں۔ البتہ رپورٹ میں ابھی تک کسی قسم کے جانی نقصان کا ذکر نہیں کیا گیا۔ ٹی وی نیٹ ورک کے مطابق اس دوران صنعا پر چار خدیدہ شہر کے جنوبی علاقوں اور ائر پورٹ پر سات  حملے کئے گئے جبکہ ذمار شہر پر بھی حملہ کیا گیا۔ مشرق وسطیٰ میں امریکی افواج کیلئے ذمہ دار ملٹری کمانڈ نے سوشل میڈیا پر بیان میں کہا کہ امریکی سینٹرل کمانڈ سینٹ کام کی فورسز نے یمن کے حوثیوں کے زیر کنٹرول علاقوں میں 15 ٹھکانوں پر حملے کئے ہیں۔

مزیدخبریں