میانوالی ‘لاہور ( نمائندہ نوائے وقت‘نوائے وقت رپورٹ)پنجاب پولیس میانوالی دہشت گرد و شرپسند عناصر کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن گئی‘ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق میانوالی پولیس نے ایک ہی دن میں دہشت گردوں کا دوسرا بڑا حملہ پسپا کر دیا،تفصیلات کے مطابق تھانہ مکڑوال میانوالی پولیس کو آج دن میں ملاخیل دربار خاصہ بابا کے علاقے میں دہشت گرد عناصر کی موجودگی کی اطلاع ملی جس پر پولیس نے فوری ایکشن کرتے ہوئے جوابی کاروائی شروع کر دی، دہشت گردوں نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی‘ پولیس کی جوابی فائرنگ سے دہشت گرد پہاڑی علاقے میں فرار ہوگئے، ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ ڈی پی او میانوالی اختر فاروق، ایلیٹ فورس، سی ٹی ڈی اور مقامی پولیس کی ٹیموں کے ہمراہ فوری علاقے میں پہنچے اور سرچ آپریشن شروع کیا گیا‘پہاڑی علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران 10 سے 12 دہشت گردوں نے پولیس پارٹی پر دوبارہ فائرنگ کی، ڈی پی او میانوالی اختر فاروق علاقے میں سرچ آپریشن کی قیادت کر رہے تھے، پولیس و سی ٹی ڈی کے افسران و جوانوں نے محفوظ پوزیشن لیکر جوابی فائرنگ کی، دو طرفہ فائرنگ کا تبادلہ 01 گھنٹے سے زائد جاری رہا، ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ میانوالی پولیس اور سی ٹی ڈی کے افسران و جوانوں نے نہایت بہادری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا، جبکہ دہشت گرد اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پہاڑی علاقے میں فرار ہوگئے، ڈی پی او میانوالی، ڈی ایس پی سی ٹی ڈی، ڈی ایس پی سرکل عیسیٰ خیل سمیت تمام پولیس افسران و اہلکار کراس فائرنگ میں محفوظ رہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرکے ہی دم لیں گے۔
میانوالی : دہشتگردوں کاایک دن میں دوسرا بڑا حملہ ‘پولیس کابھرپورجواب
Oct 06, 2024