واشنگٹن؍ تل ابیب (نوائے وقت رپورٹ) اسرائیلی فوج نے اعتراف کیا ہے کہ منگل کو ہوئے ایران کے میزائل حملوں میں دو فوجی اڈے نشانہ بنے تھے، علاوہ ازیں امریکی ذرائع ابلاغ نے امریکی وزارت خارجہ کے ایک سینئر ذمہ دار کے حوالے سے بتایا ہے کہ اسرائیل 7 اکتوبر کو ہوئے حماس کے حملے کی یاد میں ایران پر حملہ کر سکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے بائیڈن انتظامیہ کو ایسی کوئی ضمانت پیش نہیں کی ہے کہ ایران کی جوہری تنصیبات کو نشانہ نہیں بنایا جائے گا۔ وزارت خارجہ کے مذکورہ ذمہ دار نے امریکی نیوز چینل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ جاننا مشکل ہے، آیا اسرائیل 7 اکتوبر کو حماس کے حملوں کا ایک سال پورا ہونے کے موقع پر ایران پر حملے کے لیے استعمال کرے گا۔