اسلام آباد(اپنے سٹاف رپورٹر سے ) سینیٹ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی پارٹی لیڈر اور خارجہ امور کمیٹی کے سربراہ سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں بھارتی وزیر خارجہ کی شرکت کا اعلان دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کے لئے اچھی خبر ہے۔ ہفتہ کو سوشل میڈیا ’ایکس‘ اکائونٹ پر اپنے بیان میں مسلم لیگ (ن) کے سینئر راہنما نے کہاکہ پی ٹی آئی نے (ایس سی او) اجلاس میں شرکت کرنے والے تمام راہنمائوں میں سے صرف بھارتی وزیر خارجہ کو اپنے احتجاجی مظاہروں میں شرکت اور خطاب کی دعوت دی ہے۔سینیٹر عرفان صدیقی نے کہاکہ بہتر ہوگا کہ پی ٹی آئی اپنی شاندار کارکردگی رپورٹ پیش کرتے ہوئے مسٹر جے شنکر کو دو سو سے زیادہ دفاعی تنصیبات اور شہدا کے تباہ شدہ مزاروں پر بھی لے جائے تاکہ پی ٹی آئی اور بھارت ہمیشہ کے لئے لازوال رشتوں میں بندھ جائیں۔