شنگھائی اجلاس میں شرکت کیلئے پاکستان جا رہا ہوں، دو طرفہ تعلقات پر بات نہیں ہو گی: بھارتی وزیر خارجہ

نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ) وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے ہفتہ کو کہا کہ وہ پاکستان ضرور جا رہے ہیں، لیکن دونوں ممالک کے درمیان کوئی دو طرفہ بات چیت نہیں ہو گی۔ دراصل پاکستان 15-16 اکتوبر کو ایس سی او کی کونسل آف ہیڈز آف سٹیٹ اجلاس کی میزبانی کرے گا۔ پاکستان میں منعقد ہونے والے ایس سی او یعنی شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں ہندوستان شرکت کرے گا۔ ہندوستان کی جانب سے وزیر خارجہ ایس جے شنکر ایس سی او سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ پاکستان جانے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں وزیر خارجہ جے شنکر نے کہا کہ یہ دورہ ایک کثیر جہتی پروگرام کے لیے ہو گا۔ میں وہاں ہندوستان - پاکستان تعلقات پر بات نہیں کرنے جا رہا ہوں۔ میں وہاں ایس سی او کے ایک اچھے رکن کے طور پر جا رہا ہوں۔ لیکن آپ جانتے ہیں کہ میں ایک شائستہ اور مہذب انسان ہوں، اس لیے میں اس کے مطابق ہی برتاؤ کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے ایس سی او کے اجلاس میں پاکستان جانا ہے۔ یہ اجلاس پاکستان میں ہو رہا ہے۔ دورہ پاکستان میں میڈیا کی دلچسپی ہو گی۔ لیکن میں واضح طور پر کہہ دوں کہ اس دوران کوئی دو طرفہ بات چیت نہیں ہو گی۔

ای پیپر دی نیشن