اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ نے تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات سے متعلق فیصلے پر نظرثانی کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کر دی ہے۔ عدالت عظمیٰ میں نظرثانی کی درخواست پر سماعت 11 اکتوبر کو ساڑھے 11 بجے ہو گی۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ سماعت کرے گا۔ تین رکنی بنچ میں جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی شامل ہیں۔ دوسری جانب ججز کمیٹی نے آئندہ ہفتے کے لیے ججز روسٹر بھی جاری کر دیا ہے۔ آئندہ ہفتے سپریم کورٹ میں سات بنچز مقدمات کی سماعت کرینگے۔ بنچ نمبر ایک چیف جسٹس، جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس شاہد بلال حسن پر مشتمل ہے جبکہ بنچ نمبر2 میں جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس عائشہ ملک اور جسٹس عقیل عباسی شامل ہیں۔ سپریم کورٹ کا بنچ نمبر تین جسٹس منیب اختر اور جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل ہو گا جبکہ بنچ نمبر 4 جسٹس امین الدین، جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس عرفان سعادت خان پر مشتمل ہو گا۔ بنچ نمبر 5 میں جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس ملک شہزاد شامل ہوں گے جبکہ بنچ نمبر 6 جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس شاہد وحید پر مشتمل ہو گا۔ بنچ نمبر 7 میں جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس مظہر عالم میاں خیل شامل ہوں گے۔