اسلام آباد(آئی این پی )گورنرخیبر پی کے فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے میں گورنر راج سے متعلق فی الحال کچھ نہیں سوچا، آئین میں گورنر راج کی گنجائش موجود ہے، ابھی گورنر راج کی بات نہیں ہوئی ، کل کا پتہ نہیں۔ایک انٹرویو میں فیصل کریم کنڈی نے کہا پی ٹی آئی تو چاہتی ہے کہ خیبر پی کے میں گورنر راج لگے اور وہ سیاسی شہید بنیں، میری پوری کوشش ہو گی سیاسی یتیموں کو سیاسی شہید نہ بنایا جائے۔گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ جو لوگ ملک دشمنی پر اتر آئیں ان کیلئے کیا رول پلے کیا جا سکتا ہے، یہی لوگ تھے جنہوں نے چین کے صدر کے دورے کے دوران دھرنا دیا۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ملائیشیا کا وزیراعظم آیا تو انہوں نے احتجاج شروع کر دیا، آئی ایم ایف کو خط کس نے لکھے تھے؟ انہوں نے بھی آنسو گیس شیل خرید رکھے ہیں، جو کرتوت بانی پی ٹی آئی نے کیے وہ بھگتیں گے۔گورنر خیبرپختونخوا نے مزید کہا جلسے جلوس سے بانی پی ٹی آئی باہر نہیں آئیں گے، بانی پی ٹی آئی چاہتے ہیں کہ انہیں این آر او دیا جائے، یہ ڈی چوک آ بھی جائیں تو یہاں آ کر کیا کریں گے۔
گورنر راج کی ابھی بات نہیں ہوئی کل کا پتہ نہیں،فیصل کریم کنڈی
Oct 06, 2024