پی ٹی آئی بار بار ملک پر حملہ آور ہوتی ہے، ریاست کو دہشت گردوں جیسا سلوک کرنا چاہئے: مریم نواز

Oct 06, 2024

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلی  مریم نواز شریف نے ایکس پر بیان میں کہا ہے کہ ہمیشہ سے جو بات کہتی رہی ہوں، آج دْنیا کے سامنے آ گئی ہے۔ پی ٹی آئی سیاسی جماعت نا ہے، تھی اور نا ہو سکتی ہے۔ یہ ایک دہشت گرد جماعت ہے جو بار بار اپنے ہی ملک پر حملہ آور ہوتی ہے۔ ریاست کو ان کے ساتھ وہی سلوک کرنا چاہیے جو دہشت گردوں کے ساتھ کیا جاتا ہے۔ ورنہ بہت دیر ہو جائے گی۔ تحریک انصاف کے بھیس میں تحریک انتشار کا واحد مقصد ملک میں آگ لگانا ہے۔ یہ کسی رعایت یا نرمی کے مستحق نہیں۔ ان کے لشکر میں فرنٹ لائنز میں تربیت یافتہ دہشت گرد شامل ہیں۔ جن کو انھوں نے پولیس اور ریاست پر حملہ آور ہونے کے لیے استعمال کیا ہے۔ علاوہ ازیں  مریم نواز  نے بنک آف پنجاب کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا۔ 15 سال کے بعد کسی وزیر اعلیٰ پنجاب کا بنک آف پنجاب ہیڈ آفس کا پہلا دورہ  تھا۔ بنک آف پنجاب کو بنک رینکنگ میں ٹاپ پر لانے کا ٹارگٹ مقررکر دیا۔ بنک حکام کوکاسٹ کنٹرول کے لئے موثر اقدامات کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہاکہ ڈیپازٹر کی پہلی چوائس بنک آف پنجاب ہی ہونا چاہیے۔ بنک آف پنجاب کے صدر ظفر مسعود نے تفصیلی بریفنگ دی۔ چیف منسٹر ویلفیئر سکیموں کے مالیاتی امور کے بارے میں بتایا گیا۔ گرین ٹریکٹر سکیم، بائیک پروگرام، ہمت کارڈ، ا پنی چھت…… اپنا گھر اور دیگر پراجیکٹس کا جائزہ لیا گیا۔ سی ایم انٹرسٹ فری بائیکس کی ڈیلیوری کے بارے میں رپورٹ پیش کی گئی جس پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے مزید بہتری لانے کی ہدایت کی۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیاکہ طلبہ گھر بیٹھے ڈیجیٹل پراسیس کے ذریعے بائیک کے لئے اپلائی کر سکتے ہیں۔ طلبہ کے لئے بائیکس کی اقساط آن لائن ادا کرنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ دوسری جانب مریم نواز شریف نے اساتذہ کرام کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے یوم اساتذہ پر اپنے پیغام میں کہاکہ تمام اساتذہ کرام کو سلام عقیدت پیش کرتی ہوں۔ اساتذہ ہی معاشرے کے حقیقی معمار ہوتے ہیں۔ مزید برآں مریم نواز شریف نے شمالی وزیر ستان میں آپریشن کے دوران لیفٹیننٹ کرنل اور جوانوں کی شہادت پر حرف عقیدت پیش کیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہداء کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور امن کے پھول ضرور مہکیں گے۔-

مزیدخبریں