راولپنڈی (جنرل رپوٹر)بلند معیار تعلیم کی فراہمی کے ساتھ ساتھ نوجوان نسل کی تربیت کرکے انھیں مفید شہری بنانے میں اساتذہ کا کردار نہایت اہم ہے۔ اس عظیم مقصد کے حصول کے لیے ضروری ہے کہ معاشرے میں پیشہ ور اساتذہ کو ان کا جائز مقام ملے۔ ان خیالات کا اظہار آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن شمالی پنجاب کے صدر اور ممبر ڈسٹرکٹ رجسٹریشن اتھارٹی راولپنڈی ابرار احمد خان نے یوم اساتذہ کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کیا۔ ابرار احمد خان نے کہا یوم اساتذہ منانے کا مقصد معاشرے میں اساتذہ کے اہم کردار کو اجاگر کرنا ہے۔ استاد کی اخلاص سے بھرپور خدمات اور توجہ کی بدولت ہی ایک مثالی معاشرے کی تشکیل ممکن ہے۔ بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں استاد کو وہ مقام اور عزت نہ مل سکی جسکا وہ حق دار تھا۔