کلرسیداں(نامہ نگار)اسسٹنٹ کمشنر کلر سیداں اشتیاق اللہ خان نیازی نے کہا ہے کہ زراعت کے شعبے میں ترقی کیلئے کسان کارڈز کا اجرا حکومت پنجاب کا انقلابی قدم ہے۔کسان کارڈ ایک ایسا ٹوکن ہے جس کو کسان حضرات آنے والے وقت میں ہر قسم کی زرعی سبسڈی کیلئے استعمال کر سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز محکمہ زراعت توسیع کلر سیداں میں کسان کارڈ ڈسٹری بیوشن سنٹر میں کسانوں میں کارڈ زتقسیم کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع کلر سیداں ڈاکٹر تانیہ صفدر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈسٹری بیوشن سنٹر میں اب تک 243 کارڈز وصول ہو چکے ہیں جبکہ روزانہ کی بنیاد پر100کے قریب کسانوں کو یہ کارڈز تقسیم کئے جا رہے ہیں تا کہ گندم کی کاشت سے قبل کسان حکومت کی جانب سے دی جانے والی سبسڈی سے فائدہ اٹھا سکیں۔