حسن ابدال (نمائندہ نوائے وقت)آج کے اس پر فتن دور میں ہم حضور ؐکی سیرت پر عمل کر کے ہی اپنی آنے والی نسل کے ایمان کی حفاظت کر سکتے ۔ اغیارسوشل میڈیا کے وار سے ہمارے بچوں کو دینی تعلیمات سے دور کر رہے ہیں۔ والدین اساتذہ اور معاشرے کے بزرگ لوگوں کی اجتماعی زمہ داری ہے کہ ہم اپنے بچوں کو نبی کریم ؐ کی سنتوں کا بچپن سے عادی بنائیں۔ان خیالات کا اظہار سابق وزیر اعلیٰ کے پی کے پیر سید صابر شاہ نے سر سید ایجوکیشنل فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام پہلی سالانہ سیرت کانفرنس سے اپنے خطاب میں کیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ دن فاؤنڈیشن کے مرکزی دفتر سے ملحقہ بلڈنگ واقع بالمقابل کیڈٹ کالج حسن ابدال میں ایک شاندار پروگرام کا انعقاد کیا ۔ جس کا مقصد ادارے میں شعبہ حفظ کا افتتاح کرنا تھا۔اس موقع پر ایک طالب علم اور ایک استاد کا بذریعہ قرعہ اندازی ادارے کی طرف عمرہ پر بھیجنے کے لیے ناموں کا انتخاب اور ربیع الاول کے حوالے سے سیرت کانفرنس کا انعقاد تھا ۔ تقریب کے مہمان خصوصی سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ پیر سید صابر شاہ سجادہ نشیں دربار عالیہ سریکوٹ دیگر مہمانان گرامی میں ظفر محمود ملک ڈائریکٹر جنرل نیشنل رحمت اللعالمین و خاتم النبیین اتھارٹی حکومت پاکستان و دیگر مقررین نے سیرت النبیؐ پر سیر حاصل گفتگو کی ۔مقررین میں سردار ذوا لفقار حیات خان رہنما پاکستان پیپلز پارٹی ، ملک کفایت حسین کوآرڈینیٹر NPJC حکومت پاکستا ن،محمد شاویز خان سابق ایم پی اے ، سابق ناظم لب ٹھٹو علی اصغر اعوان ، ملک عرفان ایڈوکیٹ ، صدر مرکزی سیرت کمیٹی حسن ابدال حاجی عبد الحمید مغل شامل تھے ۔جبکہ مہمانوں میں علماء کرام مولانا فرحان الٰہی، مولانا مفتی بشارت حسین، مولانا عبیدالرحمن ، چیئرمین پریس کلب تحصیل حسن ابدال حاجی محمد رفیق قادری، راجہ نور محمد نظامی ، شاہد اعوان سمیت کثیر تعداد میں عمائدین علاقہ اور والدین نے شرکت کی۔
اپنے بچوں کو نبی کریم ؐ کی سنتوں کا بچپن سے عادی بنائیں، پیر صابر شاہ
Oct 06, 2024