اسلام آباد(نمائندہ خصوصی))وفاقی وزیربرائے بحری امور قیصراحمد شیخ کی زیرصدارت میری ٹائم سیکٹر میں بیرونی سرمایہ کاری کے حوالے سے پیشرفت پر اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ملائیشین کمپنیوں (فیلڈا گلوبل وینچرز اور کے ایل کے ملائیشیا) اور پاکستانی کمپنی ویسٹ بری گروپ کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ یہ تمام کمپنیز پاکستان کے پورٹس کے ساتھ پہلے سے کام کررہی ہیں۔ ملائیشین کمپنیوں نے پاکستان کے پورٹس کے ذریعے اپنا کاروبار بڑھانے کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر قیصراحمد شیخ کا کہنا تھا کہ ملائیشیا سمیت تمام بیرونی سرمایہ کاروں سے تعاون کو یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا پورٹ قاسم اتھارٹی اور کراچی پورٹ ٹرسٹ سمیت تمام ادارے امپورٹرز اور ایکسپورٹرز کے تمام مسائل حل کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔ مزید کہا کہ بطور وزیر میرا دفتر سرمایہ کاروں کے لئے ہمہ وقت کھلا ہے۔ اگر بیرونی سرمایہ کاروں کو کسی قسم کی کوئی بھی رکاوٹ درپیش آرہی ہے تو مجھ سے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔اسی ہفتے ڈنمارک کی حکومت کے ساتھ بھی مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے جس کے ذریعے مارسک کمپنی پاکستان کے میری ٹائم سیکٹرمیں دو بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ بیرونی سرمایہ کار پاکستان پر اعتماد کا اظہار کررہے ہیں۔ قیصر احمد شیخ نے مزید بتایا کہ سی پیک کی کامیابی بھی ہماری پورٹس کے ساتھ جڑی ہے۔ گوادر اور کراچی سمیت تمام پورٹس کی اپ گریڈیشن کا عمل جاری ہے۔ ملائیشین امپورٹرز اور ایکسپورٹرز کو یقین دلاتا ہوں کہ پورٹس سے متعلق آپ کو کسی قسم کی شکایت کا موقع نہیں ملے گا۔ وفاقی وزیر سے اجلاس میں شرکت کرنے پر ملائیشن کمپنیوں کے نمائندوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ملائیشن وزیراعظم کے دورہ پاکستان سے بہت خوشی ہوئی۔ امید ہے کہ دونوں ممالک میری ٹائم سمیت ہر سیکٹر میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں گے۔
ملائیشیا سمیت تمام بیرونی سرمایہ کاروں سے تعاون یقینی بنائیں گے،قیصراحمد شیخ
Oct 06, 2024