راولپنڈی(آئی این پی)بانی پی ٹی آئی عمران خان اور انکی اہلیہ بشری بی بی کیخلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت بغیر کارروائی ملتوی کر دی گئی۔سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشری بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کی۔راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قائم عدالت میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کے خلاف توشہ خانہ کیس ٹو اور 190 ملین پاونڈ ریفرنس کی سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی کر دی گئیں۔ذرائع کے مطابق دونوں کیسز کی سماعت راستوں کی بندش کی وجہ سے ملتوی کی گئی ہے، عدالت نے توشہ خانہ کیس ٹو میں ہفتہ کو ملزمان پر فردِ جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کی تھی۔توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے کرنی تھی جبکہ 190 ملین پاونڈ ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کرنی تھی۔اب توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت 7 اکتوبر اور 190 ملین پاونڈ ریفرنس کی سماعت 8 اکتوبر کو ہو گی۔