اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ناصر قریشی اور سابق صدر احسن بختاوری نے سیاسی جماعتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سیاسی استحکام کیلئے کردار ادا کریں،پاکستان کی میزبانی میں ہونے والی شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کے موقع پر اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے ہر طرح کیاحتجاج کو موخر کیا جائے۔وہ گزشتہ روز اپنے اعزاز میں جناح سپر مارکیٹ ٹریڈرز ویلفیئر ایسو سی ایشن کے صدر اسد عزیز کی جانب سے دیے گئے ظہرانے سے خطاب کر رہے تھے۔ ظہرانے سے اسلام آباد چیمبر کے سینئر نائب صدر عبد الرحمان صدیقی،نائب صدر ناصر چوہدری،چیئر مین فائونڈر گروپ خالد اقبال ملک،سابق صدر زبیر ملک،اعجاز عباسی،سیکرٹری جنرل یو بی جی ظفر بختاوری نے بھی خطاب کیا۔سابق صدر آئی سی سی آئی احسن بختاوری نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کا اسلام آباد میں ہونے والا اجلاس پاکستان کے لیے ایک اہم موقع ثابت ہو سکتا ہے۔ اس قسم کے بین الاقوامی اجلاسوں سے پاکستان کو اپنے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے، عالمی برادری کے ساتھ اپنے تعلقات مضبوط کرنے، اور اقتصادی ترقی کے نئے مواقع تلاش کرنے میں مدد ملتی ہے۔یہ اجلاس نہ صرف ملک کی ساکھ کو بہتر بنانے میں مددگار ہوگا بلکہ بیرونی سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور ملکی ترقی کے منصوبوں کو بین الاقوامی حمایت حاصل کرنے کے مواقع بھی فراہم کرے گا۔ اس اہم موقع پر قومی یکجہتی اور اتحاد کا مظاہرہ کرنا ضروری ہے تاکہ پاکستان کی جانب سے ایک مضبوط اور متحد پیغام دیا جا سکے۔ اس موقع پر دھرنوں اور احتجاجی سیاست کو موخر کرکے ملک کے مفاد کو اولین ترجیح دینی چاہیے۔ احتجاج اور دھرنوں کی وجہ سے نہ صرف حکومتی کام میں رکاوٹ آتی ہے بلکہ معیشت پر بھی منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں، سیاسی اختلافات کو ایک طرف رکھتے ہوئی قومی مفاد کو ترجیح دینی چاہیے۔ملکی ترقی کے لیے سیاسی استحکام ضروری ہے، اور جب تمام سیاسی جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر اکٹھی ہو کر کام کریں گی تو بین الاقوامی سطح پر بھی پاکستان کی پوزیشن بہتر ہوگی اور دنیا میں پاکستان کا مثبت تاثراجاگرہوگا۔انہوں نے کہا کہ حکومت ،اداروں سمیت تمام سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کیلئے اقدامات کریں۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی بزنس کمیونٹی کا طویل عرصے سے مطالبہ ہے کہ اس شہر کو احتجاجوں اور دھرنوں سے بچانے کیلئے تمام سیاسی جماعتیں مل کر لائحہ عمل تشکیل دیں جس کے تحت شہر کو بند بھی نہ کرنا پڑے او ر احتجاج کا آئینی حق استعمال کرنے کا راستہ بھی کھلارہے۔ظہرانے میں بلیو ایریاکے راجہ حسن اختر،جی نائن کے صدر راجہ جاوید اقبال،آئی ایٹ کے صدر وحید چیمہ،گلبرگ گرین کے صدر نجیب الہی ملک،ایف ایٹ کے صدر سردار طاہر محمود سمیت آئی سی سی آئی کے موجودہ اور سابقہ ایگزیکٹیو ممبران کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔کیپشن:سابق صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری احسن بختاوری صدر صدر جناح سپر مارکیٹ راجہ حسن اختر کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیے گئے ظہرانے سے خطاب کر رہے ہیں،صدر آئی سی سی آئی ناصر قریشی، سینئر نائب صدر عبد الرحمان صدیقی،نائب صدر ناصر چوہدری،چیئر مین فائونڈر گروپ خالد اقبال ملک،سابق صدر زبیر ملک،اعجاز عباسی،سیکرٹری جنرل یو بی جی ظفر بختاوری بھی موجود ہیں
ایس سی او اجلاس پاکستان کیلئے نادر موقع،احتجاج اور دھرنے موخر کیے جائیں،ناصر قریشی
Oct 06, 2024