اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے عالمی یوم اساتذہ کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ میں تمام اساتذہ کو دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو قوم کے معمار ہیں اور ہمارے بچوں کی بہترین تربیت و تعلیم کے لیے دن رات محنت کر رہے ہیں۔ اساتذہ کی خدمات ناقابل فراموش ہیں، جو نہ صرف علم منتقل کرتے ہیں بلکہ کردار سازی اور قوم کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تاہم، یہ امر افسوسناک ہے کہ خیبرپختونخوا میں صوبائی حکومت کی نااہلی کے باعث ہماری یونیورسٹیوں کی صورتحال دن بدن ابتر ہوتی جا رہی ہے۔ تعلیم کے اہم ترین شعبے کو مسلسل نظرانداز کیا جا رہا ہے، جس سے اساتذہ اور طلباء دونوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ فوری طور پر اس بحران کا نوٹس لے اور تعلیمی اداروں کے حالات کو بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کرے۔ اساتذہ کے وقار اور عزت کو بحال کرنا ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے، کیونکہ یہی قوم کی ترقی کا حقیقی راستہ ہے۔