وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ کل تحریک انصاف کی ایک اور 9 مئی کی بغاوت ناکام بنا دی گئی۔مسلم لیگ (ن) کی رہنما عظمیٰ بخاری نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت کی بہترین سٹریٹجی سے بلوائیوں کی بغاوت ناکام بنائی گئی.شرپسندوں کے پتھراؤ سے ایک سینئر پولیس اہلکار شہید ہوا، درجنوں زخمی ہیں. یہ دہشتگرد اور فسادی کہتے ہمارا احتجاج پرامن تھا۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے سرکاری وسائل اور سرکاری ملازمین کے ذریعے فیڈریشن پر یلغار کی گئی. احتجاج میں خیبرپختونخوا کی پولیس کے اہلکاروں اور افغان شہریوں کی شرکت باعث تشویش اور تحقیق طلب ہے۔انکا کہنا تھا کہ پنجاب کے عوام نے تحریک فساد اور اسکے ماسٹر مائنڈ کو اس مرتبہ بھی ریجکٹ کردیا، جو انقلاب لانے نکلے تھے اب وہ جوتیاں چھوڑ کر بھاگ گئے. جس کے اپنے بچے لندن میں بیٹھے وہ قوم کے بچوں کو ریاست کے خلاف استعمال کر رہا ہے.مجھے افسوس ہے ان والدین پر جو اپنے بچوں کو اس فتنے کی سیاست کی بھینٹ چڑھا رہے ہیں۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کیا خیبر پختونخوا کے لوگوں کی قسمت میں دھرنے، جلسے اور مار دھاڑ ہی باقی رہ گئے ہیں؟ جو بہترین معیار زندگی کی سہولیات پنجاب کے لوگوں کو مل رہی وہی سہولیات کے پی کے عوام کا بھی حق ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کے پی کے عوام کو اپنے بہتر مستقبل کے لیے ان شرپسندوں کا محاسبہ کرنا چاہیے. پاکستان جب بھی ٹریک پر آتا ہے تو ایسے فتنے رخنہ ڈالنے کے لیے باہر نکل آتے ہیں۔