میاں نواز شریف نے کہا کہ اس وقت مارشل لا کے نفاذ کی بات صرف پاکستان کے دشمن ہی کرسکتے ہیں، انکی جماعت نے اس حوالے سے اٹھنے والی تمام آوازوں کا مؤثر انداز میں جواب دیا ہے۔ ایک اورسوال پرانہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب ملکی تاریخ کا بدترین سیلاب تھا جس کی تباہ کاریوں کا اندازہ حکومت نہیں کرسکی، تاہم پاک فوج سمیت تمام سیاسی جماعتیں متاثرین کی بحالی کیلئے اپنا کردار ادا کر رہی ہیں، ہمیں کسی بھی شعبے کو الگ سے کریڈٹ نہیں دینا چاہئیے۔ میاں نواز شریف نے وزیراعظم کی جانب سے آل پارٹیز کانفرنس بلانے کی تجویز پر کہا کہ اب اس کا وقت گزر چکا ہے۔
مسلم لیگ کے قائد نے دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والے صحافیوں اور اسلام آباد کے صحافی پرتشدد کے معاملے کی مذمت کی۔ انکا کہنا تھا کہ میڈیا سماج کی بہتری کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے اور حکومت کا فرض ہے کہ صحافیوں پر تشدد کرنے والے ہاتھوں کو بے نقاب کرے۔