چیف جسٹس افتخارمحمد چوہدری کی سربراہی میں جسٹس غلام ربانی اور جسٹس خلیل الرحمن رمدے پر مشتمل بینچ نے سیالکوٹ میں تشدد سے دو بھائیوں کی ہلاکت کے کیس کی سماعت کی۔ ایڈوکیٹ جنرل خواجہ حارث اور ڈی پی او سیالکوٹ بلال صدیق نے عدالت کو بتایا کہ ایس ایچ او رانا الیاس اوراہلکاروں مبارک اور طارق کوگرفتار کر لیا گیا ہے۔ جبکہ اے ایس آئی وارث علی تا حال مفرور ہے جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کہا کہ اے ایس آئی وارث کو کسی با اثر آدمی نے ڈیرے پر پناہ دے رکھی ہے تو اس کا نام بتایا جائے ، اُسے عدالت طلب کیا جائے گا۔ ڈی پی او نے عدالت کو بتایا کہ وارث علی خوف کی وجہ سے چھپا ہوا ہے جسے جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ جسٹس خلیل الرحمن رمدے نے کہا کہ منگل تک مفرور اے ایس آئی کو پکڑاجائے ایسا نہ ہو کہ آپ کے خلاف کارروائی کرنی پڑ جائے۔ کیس کی سماعت منگل تک ملتوی کر دی گئی۔