اسلام آباد (جاوید صدیق) یورپی یونین پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی سے نمٹنے کے لئے پاکستان کی مدد بڑھانے پر تیار ہو گیا ہے۔ نوائے وقت کو قابل اعتماد ذرائع نے بتایا ہے کہ دس اور گیارہ ستمبر کو برسلز میں یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں پاکستان کے لئے یورپی یونین کی امداد میں اضافہ کا اعلان متوقع ہے۔ پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی یورپی یونین کے وزرائے خارجہ اجلاس میں پاکستان میں سیلاب سے آنے والی تباہی اور پاکستان کو اس سے ہونے والے معاشی نقصانات کے بارے میں بریف کریں گے۔ یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کے اجلاس سے قبل برسلز میں پاکستان کے لئے ہمدردی کا ماحول پیدا ہو گیا ہے۔ سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ یورپی یونین پاکستان کے لئے اقتصادی امداد بڑھانے کا اعلان کرے گی اور پاکستان کی ٹیکسٹائل مصنوعات کی اپنی منڈیوں میں رسائی کے لئے بھی اقدامات کرے گی۔