پاکستان نےپہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں آسٹریلیا کو سات وکٹوں سے شکست دے کر دومیچوں کی سیریز میں ایک صفر سے برتری حاصل کرلی۔

Sep 06, 2012 | 00:26

خصوصی رپورٹر

دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں محمد حفیظ نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ محمدحفیظ کا پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ درست ثابت ہوا اور آسٹریلیا کی پوری ٹیم بیسویں اوور میں نواسی رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

آسٹریلیا کے صرف تین بلے باز ڈبل ڈیجٹ سکور میں داخل ہوسکے۔ ڈیوڈ وارنر بائیس رنز بنا کر محمدحفیظ کی گیند پر انہی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

کپتان جارج بیلے نے چودہ رنز کی اننگز کھیلی، محمد حفیظ نے انکی وکٹ حاصل کی۔ جبکہ کیمرون وائٹ پندرہ رنز بنا کر سعید اجمل کی گیند پربولڈ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے سہیل تنویر نے تین کھلاڑی آؤٹ کئے۔ محمدحفیظ، سعیداجمل اور رضاحسن نے دو،دو شکار کئے۔

جواب میں پاکستان نے مطلوبہ ہدف چودہ اعشاریہ پانچ اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر بآسانی حاصل کرلیا۔ کپتان محمدحفیظ سترہ اور عمران نذیر بائیس رنز بنا کرآؤٹ ہوئے۔

کامران اکمل نے ناقابل شکست رہتے ہوئے چوبیس گیندوں پر اکتیس رنز کی اننگز کھیلی۔ شعیب ملک نو رنز کے کیساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

دونوں ٹیموں کےدرمیان سیریز کا دوسرا اور آخری میچ جمعے کے روز دبئی میں ہی کھیلا جائے گا۔

مزیدخبریں