لاہور/ نئی دہلی (ثناءنیوز/ آئی این پی) بھارتی وزےر خارجہ اےس اےم کرشنا کے دورہ پاکستان سے پہلے ان کا سٹاف اور سکےورٹی عملہ پاکستان پہنچ گےا، عملہ واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچا، عملے مےں سفارتی اور سکےورٹی اہلکار شامل ہےں۔ کرشنا 8 ستمبر کو اپنی پاکستانی ہم منصب حنا ربانی کھر کے ساتھ بات چیت کریں گے۔ گزشتہ روز نئی دہلی مےں اخبار نوےسوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا تھا کہ تنازعات مذاکرات کے ذرےعہ حل کرنے کا عزم لے کر پاکستان جائےں گے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور تشدد سے پاک ماحول میں بات چیت کے ذریعے باہمی مسائل حل کرنے کے ہندوستان کے سنجیدہ ارادے کا پیغام لے کر (اُمید کے ساتھ) پاکستان جا رہے ہیں۔ دونوں وزراءپاکستان، ہندوستان مشترکہ کمشن کے اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے اس دوران ایک اطلاع کے مطابق ایس ایم کرشنا کے دورہ اسلام آباد کے دوران عوام سے عوام کے روابط کو معمول پر لانے کیلئے پاکستان اور ہندوستان کے بیچ ایک نئے ویزا معاہدے پر دستخط کئے جائیں گے۔ علاوہ ازیں بھارت کے وزیر تجارت آنند شرما نے کہا ہے کہ بھارت کے تاجر اور بزنس مین جلد پاکستان میں سرمایہ کاری کر سکیں گے۔ پاکستان سے آنے والے ممبران پارلیمنٹ کے گروپ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے بتایا گیا ہے کہ اس معاملے کو کچھ ہی دنوں میں طے کرلیا جائے گا۔ اب سرمایہ کاری دونوں طرف سے شروع ہو جائے گی۔ یہ کاروبار نہیں بلکہ سرمایہ کاری ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان کچھ ہی ہفتوں میں تین اہم معاملات پر معاہدے پر دستخط کر دیے جائیں گے، دہلی کے ایک فائیو سٹار ہوٹل میں منعقد ہونے والے اس پروگرام میں متحدہ کے ممبر قومی اسمبلی حیدر عباس رضوی نے اپنی بات کا آغاز پاکستان اور ہندوستان کی مشترکہ زبان سے کیا۔ آپ چاہے اپنے ملک میں اسے ہندی کہہ لیجئے اور ہم اپنے وطن میں اسے اردو کہیں بات ایک ہی ہے۔آنند شرما نے کہا کہ بھارت کی حکومت لوگوں کے سرحد کے آر پار آنے جانے کی حمایت کرتی ہے چاہے کھلاڑی ہوں یا پھر سیاح ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم تاجروں کو طویل وقت تک کے لئے کاروباری ویزا دینے کے حامی ہیں۔آن لائن کے مطابق نئی ویزہ پالیسی پر تبادلہ خیال ہوگا۔ بعدازاں ذرائع کے مطابق پاک بھارت کرکٹ سیریز کے حوالے سے بھی بات چیت ہوگی۔ کرشنا صدر، وزیراعظم سے بھی ملیں گے۔ دفتر خارجہ کے ذرائع کے مطابق کرشنا متحدہ، ق لیگ اور عوامی نیشنل پارٹی کی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے جبکہ ہفتہ کے روز مسلم لیگ ن کی قیادت سے بھی ملاقات کریں گے۔ اس دوران وہ داتا دربار پر چادر چڑھائیں گے اور مہاراجہ رنجیت سنگھ کے مزار پر حاضری دیں گے۔