مشرف کیخلاف ججز نظر بندی کیس‘ پولیس نے سرکاری وکیل کو سکیورٹی کیلئے گاڑی فراہم کرنے انکار کردیا

Sep 06, 2013

اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف ججز نظر بندی کیس میں پولیس نے سرکاری وکیل کو سکیورٹی کے لئے گاڑی فراہم کرنے سے انکار کردیا ہے ۔ وکیل کا کہنا ہے کہ سکیورٹی نہ ملی تو آئندہ سماعت پر پیش نہیں ہوں گے۔ اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں  پبلک پراسیکیوٹر کو سکیورٹی مہیا نہ کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ پولیس نے عدالت کو بتایا کہ ان کے پاس پبلک پراسیکیوٹر کو فراہم کرنے کے لئے الگ سے گاڑی نہیں، صرف اضافی گن مین دیاجاسکتاہے، پک اینڈ ڈراپ کی سہولت نہیں دی جاسکتی۔ پولیس حکام کا کہنا تھاکہ سکیورٹی میں چک شہزاد ہاؤس جانے کیلئے افسران بالا سے بات کر کے بتائیں گے، مہلت دی جائے۔ اس پر سرکاری وکیل نے موقف اپنایا کہ اگر انہیں سیکیورٹی نہ دی گئی تو وہ اگلی سماعت پر پیش نہیں ہوں گے۔

مزیدخبریں