پیرس (نوائے وقت رپورٹ+اے ایف پی) افغان وزیر خارجہ زلمے رسول نے کہا ہے کہ افغانستان میں طالبان کے دوبارہ اقتدار میں نہ آنے کیلئے پرامید ہیں۔ پاکستان کی نئی حکومت افغانستان کے ساتھ تعاون کیلئے سنجیدہ ہے پاکستان اور افغانستان کے درمیان مذاکرات میں پاکستان کا رویہ خوش آئند رہا، پاکستان میں استحکام افغانستان میں استحکام کے بغیر ممکن نہیں امید ہے کہ پاکستان بھی افغانستان میں استحکام کو اپنی بہتری سمجھے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان یہ بات سمجھ چکا ہے کہ اسے جن اقتصادی اور سکیورٹی مسائل کا سامنا ہے انہیں دہشت گردی کیخلاف افغانستان کے ساتھ تعاون کے ذریعے ہی حل کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طالبان نے اس سال موسم گرما میں طاقت کے ذریعے یہ تاثر دینے کی کوشش کی کہ 2014ء کے بعد وہ واپس آ رہے ہیں لیکن وہ اپنی اس کوشش میں بری طرح ناکام رہے ہیں انہوں نے کہا کہ افغانستان کے 80 فیصد علاقے پر سرکاری فورسز کا کنٹرول ہے، طالبان کے زیر کنٹرول صوبہ ہلمند اور قندھار میں صرف ایک یا دو اضلاع ہیں، میں پورے یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ طالبان کی واپسی کا کوئی امکان نہیں ہے۔