2013ء کے انتخابات دھاندلی زدہ قرار، نیا الیکشن کمشن تشکیل دیا جائے: جمعیت علماء پاکستان

 لاہور (خصوصی نامہ نگار) جمعیت علما پاکستان کی مجلس شوریٰ نے 11 مئی2013ء کے انتخابات کو بدترین دھاندلی زدہ قراردیتے ہوئے آئندہ انتخابات کی ساکھ کو بہتر بنانے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے کر نئے الیکشن کمشن کی تشکیل کا مطالبہ کیا ہے۔ اجلاس میں زوردیا گیا کہ نئے الیکشن کمشن کی تشکیل میں پارلیمنٹ کے اندر اور باہر کی سیاسی جماعتوں سے بھی مشاورت کی جانی چاہیے تاکہ الیکشن کمشن واقعی آزاد،متفقہ اور غیر جانبدار نظر آئے۔جے یو پی کے  صدر پیر اعجاز ہاشمی کی زیر صدارت اجلاس میں واضح کیا گیا کہ 1973ء کے متفقہ آئین کی موجودگی میں کسی بھی نئے عمرانی معاہدے کی ضرورت نہیں۔ مجلس شوریٰ نے مطالبہ کیا کہ آئین کے تحت دی گئی ، جمہوری اور شہری آزادیو ں کو یقینی بنایا جائے، سیاسی سرگرمیوں اور احتجاج کو روکنا غیر آئینی اقدام ہے۔ اسے قبول نہیں کیا جاسکتا،  اس کے ساتھ مجلس شوریٰ نے سیاسی جماعتوں پر بھی زوردیا کہ وہ محاذ آرائی میں تصادم کی راہ اختیار نہ کریں۔ اجلاس میں شاہر اہ دستور پر دو جماعتوں کے احتجاج کے دوران ریاستی اداروں کی توہین کی مذمت کرتے ہوئے زوردیا گیا کہ قائدین مذاکرات کی راہ اختیار کرکے لچک کا مظاہرہ کریں تاکہ آئینی حدود کے اندر رہتے ہوئے ان کے مطالبات بھی تسلیم کر لئے جائیں۔ دھرنوں  سے عالمی سطح پر پاکستان کی بدنامی ہورہی ہے۔ دھرنے ختم کئے جائیں۔ اجلاس میں میڈیا سے اپیل کی گئی کہ سیاسی جماعتوں کی کوریج میں غیر جانبداری کا مظاہرہ کرے۔

ای پیپر دی نیشن