اسلام آباد (آئی این پی+سپیشل رپورٹ) صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ بیرون ملک تعینات پاکستانی سفیروں پر بہت بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں‘ ملکی معاشی اور اقتصادی ترقی میں سفارت کاروں کا کردار انتہائی اہم ہے‘ پاکستان کے برطانیہ اور کویت کے ساتھ انتہائی قریبی تعلقات ہیں جنہیں پاکستان بہت اہمیت دیتا ہے‘ برطانیہ کے ساتھ دو طرفہ تجارت کا ہدف 2015تک 3 ارب پائونڈ تک پہنچانا نامزد پاکستانی ہائی کمشنر کا امتحان ہے‘کویت کے ساتھ تجارتی تعلقات کے دائرہ کار کو وسعت دینے کے لیے نئے راستوں کی تلاش پر توجہ مرکوز کی جائے۔ وہ گزشتہ روز برطانیہ کیلئے نامزد پاکستانی ہائی کمشنر سید ابن عباس اور کویت کیلئے نامزد سفیر محمد اسلم خان سے علیحدہ علیحدہ ملاقات میں بات چیت کررہے تھے۔ سید ابن عباس سے بات چیت میں صدر مملکت نے ثقافت، تعلیم ، تجارت، سرمایہ کاری اور سلامتی کے میدان میں تعاون کے لئے نظر ثانی پاکستان برطانیہ روڈ میپ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے نامزد پاکستانی ہائی کمشنر پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت کا ہدف 2015 تک تین ارب پاونڈ تک لے جانے کیلئے کوشش کریں۔ برطانیہ کے ساتھ قریبی اور دوستانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے اپنی پوری توانائیاں صرف کریں۔ دریں اثناء صدر مملکت نے کویت کے لئے نامزد سفیر محمد اسلم کو ہدایت کی کہ پاکستان اور کویت کے درمیان دوطرفہ تجارت میں اضافے پر توجہ مرکوز کی جائے۔ حکومت کے کاروبار دوست اقدامات اور پیکج سے کویتی تاجروں اور سرمایہ کاروں کو آگاہ کرکے پاکستان میں ان کی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔