نواز شریف تیاری کر لیں‘4اکتوبر کو لاکھوں لوگ اسلام آباد پہنچیں گے: عمران

حافظ آباد (نمائندہ نوائے وقت+ نیوز ایجنسیاں) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری اور میاں نوازشریف کو مزدور کسان اور تاجر کے ووٹ کی کوئی قدر نہیں کیونکہ انہوں نے تو دھاندلی سے جیت جانا ہوتا ہے۔ جب تک مزدور، کسان اور تاجر کو ریلیف نہیں دیا جاتا ملک ترقی نہیں کریگا۔ پاکستان کے روشن مستقبل کیلئے جہاں صاف شفاف الیکشن کا انعقاد ضروری ہے، وہاں مزدور، کسان کو بھی ریلیف دینا ہوگا۔ حکومت راولپنڈی، اسلام آباد اور لاہور میں میٹروبس پراجیکٹ پر اربوں روپے خرچ کرنے کی بجائے اگر کسانوں اور زمینداروں کو سبسڈی دیتی تو ملک میں سبز روشن انقلاب برپا ہوتا۔ آج کسان استحصال کا شکار ہے جبکہ ہمسایہ ملک بھارت میں حکومت کسانوں کو ہر چیز پر سبسڈی دے رہی ہے۔عمران خان نے کسانوں، مزدورں، تاجروں اور نوجوانوں سے کہا کہ وہ صاف شفا ف انتخابات، آزاد اور خود مختار الیکشن کمیشن کے قیام کیلئے 4 اکتوبر کو اسلام آباد پہنچیں۔ انہوں نے کہا نوازشریف تیارہوجاؤ، پی ٹی آئی کا سونامی 4 اکتوبر کو اسلام آباد آرہا ہے۔ نوازشریف نے 2013ء کا الیکشن پولیس اور اپنے امپائروں کے ذریعے دھاندلی کر کے جیتا۔ میاں برادران کو شرم آنی چاہیے کہ پی پی107کے ضمنی انتخابات میں ڈی پی او نے مسلم لیگ ن کی انتخابی مہم چلائی اور لوگوں سے ووٹ مانگے ۔ ہمارے پاس اس چیز کا آج بھی ریکارڈ موجود ہے لیکن اس دفعہ ہم ایسی نوجوان قوت کو تیار کر رہے ہیں کہ بے شک امپائر نواز شریف کے ہوں لیکن جیت ان شاء اللہ پی ٹی آئی کی ہو گی۔ انہوںنے کہا کہ ہم نے چار حلقے کھولنے کے لئے درخواست دی تھی۔ تین حلقوں کے فیصلہ میںتو گونواز گو ہو چکا ہے اور اب باری ہے منسٹر فراڈ کی۔ سیالکوٹ کے رنگ باز منسٹر فراڈ اب سپریم کورٹ کے پیچھے نہ چھپو، اب تمہاری باری ہے اور جب تمہارا حلقہ کھلا تو نتیجہ وہی ہوگا جو تم سے پہلے تین حلقوں کا ہوا۔ میونسپل سٹیڈیم حافظ آباد میں مزدور کسان، تاجر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ کوئی غلط فہمی میں نہ رہے عمران خان انتخابات سے بھاگنے والا نہیں، وہ میاں نواز شریف ہی ہے جو پرویز مشرف سے ڈیل کر کے مشکل وقت میں اپنے کارکنوں کو تنہا چھوڑ کر جدہ بھا گ گئے۔ پی ٹی آئی ضمنی انتخابات اور بلدیاتی الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی۔ پنجاب میں مسلم لیگ ن ، سندھ میں پیپلز پارٹی اور کراچی میں ایم کیو ایم سے مقابلہ کر ے گی۔ دنیا بھر میں تیل کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں لیکن بد قسمتی سے پاکستان میں ایسا نہیں۔ یہاں آئے روز تیل کی قیمتیں زیادہ ہو رہی ہے۔ میں کہتا ہوں ’’مولانا فضل الرحمن‘‘ کی قیمتیں کم کرو تاکہ کسانوں اور زمینداروں کو فائدہ ہو۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...