احتساب ریلی کے نام پر کھیل تماشوں کو عوام نے بری طرح مسترد کردیا: حمزہ شہباز

Sep 06, 2016

لاہور (خصوصی رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ احتساب ریلی کے نام پر ہونے والے کھیل تماشوں کو عوام نے بری طرح مسترد کردیا ہے۔ عمران خان سڑکوں کی سیاست کرتے رہیں ہم عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔ کبھی دھاندلی کا واویلا کرنے اور کبھی کنٹینر پر کھڑے ہو کر دوسروں پر بے بنیاد الزامات لگانے والوں کو خدا کا خوف کرنا چاہیے۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ وہ عمران خان کو قتل کا جھوٹا الزام لگانے پر عدالت لیکر جائیں گے۔ انکے پہلے بھی پول کھل چکے ہیں، انہیں عوام کے سامنے مزید بے نقاب کریں گے۔ گزشتہ روز این اے 162 چیچہ وطنی میں مسلم لیگی رہنما چودھری زاہد اقبال کی رہائشگاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تونسہ سے لیکر وہاڑی تک اور جہلم سے لیکر منڈی بہاؤالدین تک ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی کا سلسلہ اب چیچہ وطنی پہنچے گا اور 19 ستمبر کو انشااللہ جیت میاں محمد نوازشریف کے ترقی و خوشحالی کے ایجنڈے کی ہوگی۔ احتساب سب کا ہونا چاہیے اور سب کو ایک ہی ترازو میں تولنا چاہے لیکن عوام عمران خان سے سوال کرتے ہیں کہ اپنے دائیں طر ف قرضہ معاف کرانے والے جہانگیر ترین اور بائیں طرف زمینوں پر قبضے کرانے والے علیم خان کو کھڑا کر کے وہ کونسے احتساب کا نعرہ لگاتے ہیں۔ بعد ازاں حمزہ شہباز شریف نے چیچہ وطنی میں چودھری زاہد اقبال کے ڈیرے پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوارچودھری محمد طفیل کے حق میں چودھری زاہد اقبال کے دستبردار ہونے کا فیصلہ خوش آئند ہے۔ انشااللہ چیچہ وطنی میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کریں گے۔

مزیدخبریں